6ارب64کروڑ ڈالر قر ضہ پروگرام ،پاکستان، آئی ایم ایف 10ویں جائزہ مذاکرات جنوری کے آخری ہفتے دبئی میں ہونگے، پاکستان کیلئے50کروڑ ڈالر کی 11ویں قسط جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی

منگل 29 دسمبر 2015 09:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء)پاکستان اورآئی ایم ایفکے درمیان6ارب64کروڑ ڈالر قرضے کے پروگرام کے تحت10ویں جائزہ مذاکرات جنوری کے آخری ہفتے میں دبئی میں ہونگے،مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان کیلئے50کروڑ ڈالر کی 11ویں قسط جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی،وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اکتوبر سے دسمبر کی سہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات جنوری 2016 میں دبئی میں شروع ہوں گے،یہ مذاکرات10روز تک جاری رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام آئی ایم ایف کے وفد کو ٹیکس محصولات،توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد کو بتایا جائے گا کہ حکومت نے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات شروع کردئیے ہیں اور ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے راغب کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات کا کام جاری ہے جس کے تحت بجلی پر سبسڈی کو بتدریج ختم کردیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کے وفد کو بتایا جائے گا کہ نجکاری پروگرام پر عملدرآمد بھی تیز کردیاگیا ہے اور جون2016ء تک پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے سمیت چھ اداروں کی نجکاری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔آئی ایم ایف وفدکو آگاہ کیا جائے گا کہ جون2016ء تک آئیسکو،فیسکو،لیسکو اور پیسکو کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔مذاکرات کی کامیابی پر مارچ میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بو رڈ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے لئے50کروڑ ڈالر کی 11ویں قسط جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی