کرپشن سے پاک پاکستان کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک تمام شہری کرپشن کے خلاف جدوجہد میں حصہ نہیں لیں گے، قمر زمان چودھری، نیب کی جانب سے کرپشن کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں،چیئرمین نیب کا”احتساب اور ترقی“ کے موضوع پر تقریب سے خطاب

منگل 29 دسمبر 2015 09:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمرزمان چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک پاکستان کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک تمام شہری کرپشن کے خلاف جدوجہد میں قومی فریضے کے طور پر حصہ نہیں لیں گے اور اپنا کردار ادا نہیں کریں گے، نیب کی جانب سے کرپشن کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بطور مہمان خصوصی انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کے زیر اہتمام ”احتساب اور ترقی“ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انگلشن اسپیکنگ یونین آف پاکستان کے صدر عزیز میمن، ڈی جی نیب کرنل (ر) سراج النعیم، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، سابق گورنر سندھ کمال اظفر اور بہرام ڈی آواری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قمر الزمان چودھری نے کہا کہ سرکاری فنڈز میں کرپشن ترقیاتی منصوبوں پر برے اثرات ڈالتی ہے جس سے عام لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کا قیام کرپشن کے خاتمے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا اور اب تک نیب نے 265 بلین روپے کرپشن کرنے والوں سے وصول کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن جب تک معاشرے کا ہر فرد کرپشن اور بدعنوانی کو برا نہیں سمجھے گا تب تک معاشرے سے اس برائی کا خاتمہ ممکن نہیں ہو گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے کرپشن کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں بیرونی دنیا میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے اور آنے والے وقت میں پاکستان میں کرپشن کا گراف کافی کم ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔

متعلقہ عنوان :