کراچی،حکومت سندھ کا رینجرز اختیارات معاملے پر وزیر اعظم سے ملاقات میں مسئلہ اٹھانے کا فیصلہ ،وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کا وزیراعظم کو خط لکھنے اور ملاقات کا وقت مانگنے کا بھی امکان

منگل 29 دسمبر 2015 09:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء)حکومت سندھ نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وزیر اعظم کی دعوت پران سے ملاقات کرکے یہ مسئلہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم کو ایک خط ایک دو روز میں لکھا جائے گا اور وزیر اعظم سے فون کرکے رابطہ کرکے ملاقات کا وقت مانگا جائیگا، حکومت سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے پیر کے روز آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور سید خورشید شاہ سے صلاح ومشورے کرنے کے بعد چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری اور قائمقام سیکریٹری قانون سے بات چیت کی ان کے مشورے سے ایک خط کا ڈرافٹ تیار کیا جو وزیر اعظم کو دو روز میں ارسال کردیا جائے گا خط روانہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ براہ راست فون پر رابطہ کرکے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگیں گے اور اس ملاقات میں وہ سندھ کا بینہ کے کچھ وزراء بھی اپنے ساتھ لے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے جواب کے بعد حکومت سندھ اپنی حکمت عملی طے کریگی ، ذرائع نے بتایا کہ حکومت سندھ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر وزیر اعظم نے ملاقات کا وقت نہ دیا یا پھر حکومت سندھ کی بات نہ مانی تو پھر حکومت سندھ مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست دے گی اور اس کیلئے خیبرپختوانخوہ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مدد لینے پر غور کیا جارہا ہے۔