بینظیر بھٹو نے کوئی این آر او سائن نہیں کیا،رحمن ملک ، محترمہ کو کہا گیا آپ پر دائر سب مقدمات ختم کیے جائیں گے لیکن آپ الیکشن سے قبل نہیں آئیں، ایک آمر مجبو ر ہوکر شہید بینظیر بھٹو سے ملاقات کے لیے دبئی آیا، انہوں نے تین جرنلوں کو بھیجا جس بات کا میں گواہ ہوں، اس کے باوجود شہید محترمہ وہ آفرز ٹھکراکر پاکستان آئیں،برسی کی تقریب سے خطاب

پیر 28 دسمبر 2015 09:55

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمن ملک نے کہا کہ میں قسم اٹھاکر کہتا ہوں کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کوئی این آر او سائن نہیں کیا بلکہ محترمہ کو کہا گیا کہ آپ پر دائر سب مقدمات ختم کیے جائیں گے لیکن آپ الیکشن سے قبل نہیں آئیں، ایک آمر مجبور ہوئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے ملاقات کے لیے دبئی آئے انہوں نے تین جرنلوں کو بھیجا جس بات کا میں گواہ ہوں لیکن اس کے باوجود شہید محترمہ بینظیر بھٹو وہ آفرز ٹھکراکر پاکستان آئیں۔

اتوار کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی 8 برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمن ملک نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مقدمہ نہیں بھیجا اس کے علاوہ رینٹل منصوبے اور دیگر منصوبے رک گئے جس کا ذمہ دار سابق چیف جسٹس ہے میں موجودہ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے کا فیصلہ سنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں آصف زرداری آج کی تقریب میں نہیں آئے میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر سیاستدان بیمار ہوتے ہیں تو علاج کے لیے جاتے ہیں ان کے لیے کوئی بھی نہیں بولتا اسی طرح آصف علی زرداری بیماری کے باعث یہاں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تکلیفیں برداشت کی ہم جھکنے والوں میں سے نہیں ہیں ہمیں کام کرنا ہے۔