میری دشمنی جہالت ،غربت اور کرپشن سے ہے ،قوم پر جہالت ،غربت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،سراج الحق،نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے میرا ساتھ دیں، قوم سے غداری کے عوض جاگیریں لینے والوں کی جاگیریں ضبط کرکے غریب کاشتکاروں اور کسانوں میں تقسیم کرینگے ،میرٹ کے قتل عام سے قوم کے ذہین نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجودبے روز گار اور حکمرانوں کے نااہل شہزادے اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں،جس کی جیب میں پاکستان کا شناختی کارڈ ہے وہ ہماری نظر میں وی آئی پی ہے ،ملک سے اسٹیٹس کو ،اور وی آئی پی سسٹم کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا مرکزی نقطہ ہے،جنوری میں کرپشن کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے ، جماعت اسلامی یوتھ ونگ کنونشن سے خطاب

پیر 28 دسمبر 2015 09:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میری دشمنی جہالت ،غربت اور کرپشن سے ہے ۔قوم پر جہالت ،غربت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے میرا ساتھ دیں۔ظالم سرمایہ دار قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن بیٹھے ہیں اور مزدور کا بیٹا آج بھی تعلیم صحت اور روز گار سے محروم ہے ۔

قوم سے غداری کے عوض جاگیریں لینے والوں کی جاگیریں ضبط کرکے غریب کاشتکاروں اور کسانوں میں تقسیم کریں گے ۔ میرٹ کے قتل عام سے قوم کے ذہین نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجودبے روز گار اور حکمرانوں کے نااہل شہزادے اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں ۔جس کی جیب میں پاکستان کا شناختی کارڈ ہے وہ ہماری نظر میں وی آئی پی ہے ۔

(جاری ہے)

ملک سے اسٹیٹس کو ،اور وی آئی پی سسٹم کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا مرکزی نقطہ ہے ۔

جنوری میں کرپشن کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کنونشن سینٹراسلام آباد میں نوجوانوں کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔یوتھ کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور صدر جماعت اسلامی یوتھ زبیر احمد گوندل ،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان نے بھی خطاب کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلام بنایا ہے ۔ملکی اقتدار پر قابض رہنے والوں نے68سال میں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ،ان کی کرپشن کے اربوں ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑے ہیں اور میرے ملک کا نوجوان بیروز گاری کی چکی میں پس رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملت سے غداری کرکے انگریز سے جاگیریں حاصل کرنے والوں کی تیسری نسل عوام کی گردنوں پر سوار ہے ،انہیں صرف اپنے جاہ و جلال اور پروٹوکول سے غرض ہے ۔

وی آئی پی کلچرنے عام آدمی کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ۔معصوم بچے سڑکوں پر دم توڑ رہے ہیں اور ملک کی ظالم اشرافیہ بے حسی کی آخری حد کراس کرچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو ،کی حامی قوتیں عوام کے خلاف متحد ہوچکی ہیں اور اپنے اسٹیٹس کو کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں مگر ہم نے بھی تہیہ کرلیا ہے کہ ان قوتوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے اور جب تک پاکستان کو ان کے پنجہ استبداد سے آزاد نہیں کروالیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ایٹمی پاکستان کو گداگربنا کر قومی وقار کو صیہونی ساہو کاروں کے ہاتھ فروخت کردیا ہے ۔آج قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے اور قرضے لینے والے عالی شان محلوں میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد میں لاکھوں شہداء کا خون ہے ۔ کلمہ کے نام پر اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے خاندان پسماندگی اور بے چارگی کی زندگی کزارنے پر مجبور کردیئے گئے ہیں جبکہ قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال کررکھا ہے مگر حکمران ہاتھ ہلانے والے نہیں ہاتھ پھیلانے والے ہیں اس لئے آج خو دانحصاری کا قابل عزت رستہ اپنانے کی بجائے قرضوں پر گزارہ کررہے ہیں ۔پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہونے کے باوجود اپنے وقار کا دفاع کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہماری وقعت نہیں ۔