پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ اور بحرینی بحریہ کی اسپیشل فورسز کی مشترکہ بحری مشق شاہین الجزیرہ کا اختتام

اتوار 27 دسمبر 2015 10:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27دسمبر۔2015ء) پاکستان اور بحرین کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ بحری مشق شاہین الجزیرہ اختتام پزیر ہو گئی۔ مشق شاہین الجزیرہ 1997 سے پاک بحریہ اور بحرینی بحریہ کی اسپیشل فورسز کی شرکت سے باقاعدگی کے ساتھ ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ اس مشق کا انعقاد ہر سال اس طرح کیا جاتا ہے کہ ایک سال پاکستان جب کہ اگلے سال بحرین میزبان ہوتا ہے۔

مشق کے دوران د ونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے بحر ہند میں مختلف نوعیت کے بحری خطرات کے پیش نظر انسداد بحری دہشت گری سے متعلق میری ٹائم اسپیشل وارفیئر ٹیمز کی مدد سے مختلف آپریشنز کی مشق کی۔ مشق کا اختتام کھلے سمندر میں ایک مشترکہ اسپیشل فورسز آپریشن کے عملی مظاہرے پر ہوا جس میں سطح سمندر اور ہوا سے کسی بھی شپ پر اترنے کی حکمت عملیوں کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی اور رائل بحرین نیوی کی اسپیشل فورسز کے کمانڈروں نے کھلے سمند رمیں بحری مشق کا مشاہدہ کیا۔ دونوں کمانڈروں نے مشق کے انتہائی پیشہ ورانہ انعقاد اور شریک ٹیموں کی طرف سے عملی صلاحیتوں کے اظہار کو سراہا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشق شاہین الجزیرہ دونوں ممالک کی بحری افواج اور انکی اسپیشل فورسز میں مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں کومزید بڑھانے میں مفید ثابت ہو گی۔