ریحام نے مجھ پر حملہ کیا، زندگی کو خطرہ تھا،اعجاز رحمان، برطانوی عدالت میں مجھے تشدد پسند شوہر ثابت کرنے کیلئے ریحام خان نے طے شدہ منصوبے کے تحت مجھ پر حملہ کردیا تھا،انگلینڈ میں آج بھی ریحام بچوں کے بینیفٹ کے نام پر سو سے دو سو پونڈ وصول کرتی ہے،ریحام کے ساتھ زندگی مشکل ترین 13,12 سال گزارے اور ہر ممکن کوشش کہ گھر بس جائے مگر ریحام نے معاملات کو اس نہج پر پہنچا دیا جہاں پر کسی بھی مرد کیلے شادی کو برقرار رکھنا ناممکن ہو جاتا ہے،ریحام شریعت کا ذکر کرتی ہے، مجھ سے علیحدگی کے بعد اس نے عدت کے دن بھی پورے نہیں کئے تھے میں نے سارے دستاویزی ثبوت عدالتوں میں پہنچا دیئے ہیں، ہتک عزت کے دعوے میں بھی ثابت کردوں گا، بھائی کی شادی میں اس نے میرے قریب آنے اور برطانیہ میں ماہر نفسیات کی ڈگری حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی،کاش بھائی کی شادی پر نہ آتا اور نہ ہی دلدل میں پھنستا،ریحام خان کے پہلے شوہر کاخبر رساں ادارے کو انٹرویو

جمعہ 25 دسمبر 2015 09:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2015ء) ریحام خان کے سابق شوہر ڈاکٹراعجاز رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ ریحام خان نے برطانوی عدالت میں مجھے تشدد پسند شوہر ثابت کرنے کیلئے طے شدہ منصوبے کے تحت مجھ پر حملہ کردیا تھا ۔ عمران خان کے ساتھ کیا بیتی میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ ریحام کو طلاق دیکر ہی میری بچت تھی اگر ایسا نہ ہوتا تو میری زندگی کو خطرہ لاحق تھا ۔

ریحام جب تک میرے ساتھ رہی اس نے کسی بھی کالج یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور نہ ہی ڈگری حاصل کی ۔ اس کی ڈگریوں بارے مجھے کچھ علم نہیں ہے پڑھائی سے اس کو کبھی دلچسپی نہیں رہی ۔ ریحام اپنے نام کے ساتھ اپنے والد نیئر رمضان کا نام لگانے سے خوف زدہ تھی اور اب بھی نہیں لگاتی ۔ شادی کیلئے میں نے اس کو پرپوز نہیں کیا تھا بلکہ میرے بھائی کی شادی پر آکر اس نے میرے قریب آنے اور برطانیہ میں ماہر نفسیات کی ڈگری حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی کاش میں اپنے بھائی کی شادی پر ہی نہ آتا اور نہ ہی اس دلدل میں پھنستا ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ میں آج بھی ریحام بچوں کے بینیفٹ کے نام پر سو سے دو سو پونڈ وصول کررہی ہے جب علیحدگی ہوئی تو تقریباً دو لاکھ پونڈ کی جیولری اس کے پاس تھی ریحام خان عادتاً جھوٹی خاتون ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خبر رساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کی دوسری اہلیہ ڈاکٹر سماویہ بھی موجود تھیں ڈاکٹر اعجاز رحمان نے کہا کہ میں نے ریحام کے ساتھ زندگی مشکل ترین 12,13 سال گزارے اور ہر ممکن کوشش کی کہ گھر بس جائے مگر ریحام نے معاملات کو اس نہج پر پہنچا دیا جہاں پر کسی بھی مرد کیلے شادی کو برقرار رکھنا ناممکن ہو جاتا ہے مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ ریحام خان کی عمران خان سے شادی کس سازش کا حصہ تھی البتہ میں یہ جانتا ہوں اگر میری ریحام کی علیحدگی نہ ہوتی تو شائد میرا زندہ رہنا مشکل ہوجاتا کیونکہ ریحام نے برطانوی عدالت سے میرے خلاف آرڈر حاصل کیا جو کہ برطانوی عدالتیں ہر شہری کو دے دیتی ہیں لیکن ریحام یہ ثابت نہیں کرسکی کہ میں نے اس پر تشدد کیا ہو بلکہ اس نے عدالتی آرڈر ملتے ہی گھر آکر مجھ پر فزیکلی حملہ کردیا تاکہ میں غصے میں آکر اس پر جوابی وار کروں مگر میں نے پھر بھی صبر کیا اور پولیس نے اپنی تحقیقات اور میڈیکل رپورٹ میں بھی لکھا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے جس سے یہ ثابت ہو کہ جسمانی تشدد کیا گیا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ریحام نے مجھ پر بے سروپا الزامات لگائے ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں یہ جھوٹ ہے کہ ریحام کہتی ہے کہ میں علیحدگی کے بعد ایک بریف کیس میں گھر سے نکلی حالانکہ جب ہماری علیحدگی ہوئی تو ایک ماہ میں مشترکہ اکاؤنٹ سے اٹھارہ ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم نکالی گئی حد تو یہ ہے کہ ریحام شریعت کا ذکر کرتی ہے اور مجھ سے علیحدگی کے بعد اس نے عدت کے دن بھی پورے نہیں کئے تھے میں نے اب سارے دستاویزی ثبوت عدالتوں میں پہنچا دیئے ہیں اور ہتک عزت کے دعوے میں بھی ثابت کردوں گا ریحام نے مجھ سے برطانوی عدالت سے بھی جھوٹ بولا انہوں نے کہا کہ میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ریحام کا کوئی کام اصلی نہیں ہے اس کا ہر کام جعلی ہے میرے سامنے اس نے کوئی ڈگری حاصل نہیں کی میری پوری فیملی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے جبکہ ریحام کو پڑھائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے کہ میں نے ریحام کو پڑھائی سے روکا اگر ایسا ہوتا تو پھر میں اپنے لئے کوئی ان پڑھ لڑکی پسند کرتا ۔

میری نئی بیوی بہترین تعلیم یافتہ ہے اور مجھ یہ زیادہ شوق ہے کہ میری بیوی زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرے ۔ درحقیقت ریحام جانتی ہے کہ پاکستان میں اب لوگوں کو اگر غیر ملکی ڈگریوں کا بتایا جائے تو لوگ متاثر ہوتے ہیں اس لئے اس نے ڈگریوں کا ذکر کرکے عوام کو بیوقوف بنایا انہوں نے کہا کہ یہ بھی غلط ہے کہ میں نے ریحام کو شادی کی پیشکش کی تھی بلکہ حقیقت یہ ہے کہ میں انگلینڈ سے بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے آیا ہوا تھا وہاں ریحام اپنی فیملی کے ساتھ آئی تھی کھانے کی میز پر اس نے کہا کہ آپ شادی کیوں نہیں کرتے میں نے کہا کہ مجھے کوئی اچھی لڑکی ملی ہی نہیں ہے اس لئے کیا کہہ سکتا ہوں کہ اچھی لڑکی یہی کہیں آپ کے آس پاس ہو پھر ولیمہ کے دن اس نے مجھ سے کہا کہ میں برطانیہ میں ماہر نفسیات کی تعلیم حاصل کرکے ڈگری حاصل کرنا چاہتی ہوں ۔

ڈاکٹر اعجاز الرحمن نے کہا کہ اس کا کیا مطلب ہے ؟ یہ سیدھی سیدھی پیشکش تھی مگر میں اب میں کہتا ہوں کہ کاش میں بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے نہ ہی آتا ۔ مجھے اس وقت زیادہ تجربہ اور لوگوں کی نفسیات کا زیادہ علم بھی نہیں تھا اس لئے مار کھا گیا ۔ اپنے بچوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر اعجاز الرحمن نے کہا کہ جو میرے ساتھ ہوا ہے خدا کرے کسی کے ساتھ ایسا نہ ہو کیونکہ میں ایک بہت بڑے عذاب سے گزرا ہوں ایک عورت نے میرے تین بچوں کو نہ صرف مجھ سے بلکہ میرے خاندان سے ہی الگ کردیا ہے حالانکہ میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو خیال رکھا ہے اور ہر باپ کی طرح راتوں کو جاگ جاگ کر ان کی پرورش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر 2005ء کو جب میں پاکستان آیا تھا اور ہماری علیحدگی ہونیوالی تھی تو اس نے صرف ایک ماہ میں اٹھارہ ہزار سے زائد رقم ہمارے مشترکہ اکاؤنٹ سے نکلوا کر استعمال کی تو پھر یہ کیسے کہتی ہے کہ مجھے ایک بریف کے ساتھ گھر چھوڑنا پڑا گھر سے تو مجھے نکالا گیا تھا ۔ ڈاکٹر اعجاز رحمن نے کہا کہ ریحام کی نظریں میرے چک شہزاد والے فارم پر بھی تھیں لیکن میں یہ کسی کو دے چکا تھا ہماری ایک پرانی گاڑی تھی اس نے اپنے بھائی کو بھیج کر وہ گاڑی بھی اٹھوائی اور کاغذات بھی قبضے میں لے لئے کیا یہ مہذب طریقہ ہے جب ہماری علیحدگی ہوئی تو ریحام کے پاس دو لاکھ پاؤنڈز کے زیورات تھے میں نے عدالت کو بھی بتایا مگر اس نے عدالت میں بھی جھوٹ بولا اور کہا کہ میں نے گزر بسر کیلئے وہ زیورات بیچ دیئے ہیں عدالت نے بھی کہا کہ کس جیولر کو فروخت کئے ہیں مگرریحام نے نہیں بتایا ہوسکتا ہے کہ کسی پاکستانی جیولر کو فروخت کردیئے ہیں یا ابھی بھی اس کے پاس ہوں کیونکہ جھوٹ بولنا تو اس کا طرہ امتیاز ہے میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو ملنے کی کوشش کی مگرریحام نے میری ہر کوشش کو سبوتاژ کیا کیونکہ اسے خوف تھا کہ بچے اگر باپ کو ملنا شروع ہوگئے تو وہ ہر بات بتانا شروع ہوجائینگے ۔

برطانیہ کی چائلڈ سپورٹ ایجنسی کے پاس مکمل ریکارڈ موجود ہے مگر ریحام اب بھی بچوں کے نام پر برطانیہ حکومت سے سو سے دو سو پونڈز وصول کرتی ہے

متعلقہ عنوان :