حکومت تمام اقلیتوں کو حاصل حقوق اور ان کے استحقاقات کا تحفظ جاری رکھے گی، نواز شریف،قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے روز اول سے ہی واشگاف الفاظ میں پاکستان میں رہنے والوں کیلئے مذہب، پیشہ اور نسلی تفریق کے بغیر برابری اور آزادی کو اپنی قرار دیا تھا،وزیر اعظم کا کرسمس کے موقع پر پیغام

جمعہ 25 دسمبر 2015 09:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام اقلیتوں کو حاصل حقوق اور ان کے استحقاقات کا تحفظ جاری رکھے گی، قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے روز اول سے ہی واشگاف الفاظ میں پاکستان میں رہنے والوں کیلئے مذہب، پیشہ اور نسلی تفریق کے بغیر برابری اور آزادی کو اپنی قرار دیا تھا،موجودہ جمہوری حکومت تمام مذاہب کے درمیان قومی ہم آہنگی کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے کوشاں ہے،پوری قوم مسیحی برادری کی حب الوطنی، امن اور برداشت کی کوششوں کو سراہتی ہے،کرسمس کے خوشیوں سے بھر پور دن کے موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی بھائیوں کی کرسمس کی خوشیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کر سمس کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا،وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یسوع مسیح کو دنیا بھر میں امن، بھائی چارے اور پوری انسانیت کیلئے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا تھا۔انہوں نے نہ صرف دُکھی انسانیت کا علاج کیا بلکہ برداشت، محبت اور ہمدردی کی تعلیمات کو پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس دنیا بھر کے عیسائیوں کیلئے خوشیاں منانے کا دن ہے، یہ یسوع مسیح کی تعلیمات اور پیغامات کی بھی عکاسی کرتا ہے جو کہ پیارو محبت، امن برداشت اور پوری انسانیت کے ساتھ ہمدردی کرناہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم ان تعلیمات پر غور و غوض کریں اوراللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی کے طلبگار ہوں، ہم بحیثیت مسلمان یسوع مسیح کا اللہ تعالیٰ کے پیغمبر کے طور پر بڑا احترام اور تکریم کرتے ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہمارے آئین میں قائداعظم محمد علی جناح کا وژن بڑی اچھی طرح بیان کیا گیا ہے جو پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں کے جائزمفادات کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے روز اول سے ہی واشگاف الفاظ میں پاکستان میں رہنے والوں کیلئے مذہب، پیشہ اور نسلی تفریق کے بغیر برابری اور آزادی کو اپنی قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام اقلیتوں کو حاصل حقوق اور ان کے استحقاقات کا تحفظ جاری رکھے گی، ریاست کے برابر کے شہری ہونے کے ناطے حکومت قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے سلسلہ میں انہیں بااختیار بنائے گی، ہماری پالیسیاں تمام مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی اور یگانگت پیدا کرنے کی کوششوں میں تیزی لانے پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہمجھے یقین ہے کہ میسحی بھائی پاکستان کی ترقی میں پوری دلجمعی کے ساتھ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت تمام مذاہب کے درمیان قومی ہم آہنگی کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے کوشاں ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے11اگست1947ء کی تقریر میں اقلیتوں کی آئین پاکستان میں بحیثیت برابر کے شہری ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم آج بھی اُن کے افکار کی روشنی میں مذہبی آزادیوں کے سنہری اصولوں پر کار بند ہیں۔

پنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے دنیا بھرمیں بسنے والے مسیحی بھائیوں اور خصوصاً پاکستان کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار نہ صرف حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے جشن ولادت کا دن ہے بلکہ یہ دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، امن اور برداشت پر مبنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے آفاقی پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائیں تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے جلیل القدر پیغمبر ہیں جن کی عزت و تکریم ہم پر واجب ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی تعلیمات نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں،آج کا دن مسیحی برادری کی قومی خدمات کے اعتراف کا دن بھی ہے، پوری قوم مسیحی برادری کی حب الوطنی، امن اور برداشت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید کرتی ہے کہ ہمارے مسیحی بھائی مستقبل میں بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دلجمعی سے کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے11اگست1947ء کی تقریر میں اقلیتوں کی آئین پاکستان میں بحیثیت برابر کے شہری ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم آج بھی اُن کے افکار کی روشنی میں مذہبی آزادیوں کے سنہری اصولوں پر کار بند ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت تمام مذاہب کے درمیان قومی ہم آہنگی کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے کوشاں ہے اور ہم اس عہد کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں کہ ملک میں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی