کراچی ،بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے وی وی آئی پی پروٹوکول نے دس ماہ کی معصوم بچی کی جان لے لی ،سول اسپتال میں 50آپریشنز ملتوی ، آپریشن تھیٹرز دو گھنٹے غیر فعال رہے،بلاول کا بسمہ کے والدکوفون،وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات،افسوس کااظہار

جمعرات 24 دسمبر 2015 10:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2015ء ) کراچی کے علاقے لیاری میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے وی وی آئی پی پروٹوکول نے دس ماہ کے معصوم بچی کی جان لے لی ، وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث سول اسپتال میں 50آپریشنز ملتوی ، آپریشن تھیٹرز دو گھنٹے غیر فعال رہے ۔ لیاری کا رہائشی کفایت اپنے دس ماہ کی معصوم بچی بسمہ کو علاج کیلئے اسپتال لا رہا تھا کہ راستے میں سکیورٹی اہلکاروں نے یہ کہہ کر اسے آگے جانے سے روک دیا کہ اسپتال میں بلال بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ ٹراما سنٹر کا افتتاح کرنے آرہے ہیں آپ آگے نہیں جاسکتے ، بچے کے والد نے سکیورٹی اہلکاروں کی بار بار منتیں کیں مگر اسے آگے جانے کی اجازت نہ ملی ، بہت دیر کے بعد جب وہ اسپتال پہنچنے میں کامیاب ہوا تو اس کی بچی راستے میں دم توڑ چکی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کو آنے میں دس منٹ کی تاخیر ہوگئی اگر اسے چند منٹ پہلے اسپتال لایا جاتا تو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی ، بچی کے والد نے اسپتال کے احاطے میں بچی کی لاش ہاتھوں میں اٹھائے زار و قطار روتے ہوئے میڈیا سے فریاد کی کہ اسے بتایا جائے کہ اس کا قصور کیا ہے اور اسے اب انصاف کون دلائے گا۔ ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ بلاول بھٹو عزیز ہیں اور وزیراعلیٰ کی آمد پر سیکیورٹی ضروری ہوتی ہے۔

بچی کے انتقال پر افسوس ہے ، اگرسکیورٹی کی وجہ سے بچی کا انتقال ہوا ہے تو والدین سے معذرت خواہ ہوں۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو فون کرکے پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی رپورٹ 72گھنٹے میں طلب کرتے ہوئے اسپتالوں میں تقریبات کے انعقاد سے روک دیا ہے ۔ادھربلاول بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ کی اسپتال آمد کے موقع پر50 سے زائد آپریشنز ملتوی کئے گئے اور آپریشن تھیٹرز 2 گھنٹے تک غیرفعال رہے ۔

ادھرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کراچی میں انتقال کرنے والی بسمہ کے والدسے فون پرتعزیت کی ،وزیراعلیٰ سندھ نے بھی بچی کے والدسے ملاقات کرکے گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا۔بدھ کے روزبلاول بھٹوکی آمدپرہسپتال کی ایمرجنسی کے سامنے10ماہ کی بسمہ کی موت واقع ہوگئی تھی ،بلاول بھٹونے بچی کے والدفیصل کوفون کیااوران سے بچی کے انتقال پرتعزیت کرتے ہوئے کہاکہ میں بچی کی موت پرافسردہ ہوں ۔

انہوں نے بچی کے والدسے گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا،بچی کے والدفیصل نے کہاکہ وہ پیپلزپارٹی کاپراناجیالاہے ،اسے افسوس صرف اس بات کاہے کہ آخری وقت میں اسے اندرنہیں جانے دیاگیا،وہ کسی قانونی چارہ جوئی کاارادہ نہیں رکھتا،فیصل کاکہناتھاکہ وہ بچی کے غم میں مبتلاہے اس کی بچی کی موت پرسیاست نہ کی جائے ،دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے فیصل سے ملاقات کی اوربچی کی موت پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا،قائم علی شاہ نے کہاکہ پروٹوکول کے لئے ٹریفک کوبندنہیں کرتے ،ڈی آئی جی واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں ،واقعے کے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایاجائیگا،بچی کے والدفیصل نے دادرسی کرنے پروزیراعلیٰ کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ وہ بچی کی موت کاذمہ داراوروزیراعلیٰ یابلاول بھٹوکونہیں سمجھتے اوروزیراعلیٰ کی آمدپرمطمئن ہیں،وزیراعلیٰ نے فیصل کوسرکاری نوکری کی پیشکش بھی کی