قومی ایکشن پلان پر پیش رفت اور نفاذ، وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی سکیورٹی زار کی لگام کھینچ لی، وزیر داخلہ چوہدری نثار متحر ک

منگل 22 دسمبر 2015 09:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں نواز شریف نے بیس نکاتی قومی انسداد دہشتگردی حکمت عملی کی قیادت اور اس کا نفاذ یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی سکیورٹی زار کی لگام کھینچ لی ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار اب اس قومی ایکشن پلان کی قیادت کرینگے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی ایکشن پلان کے متعدد اجزاء کی مایوس کن پیش رفت کے باعث وزیراعظم اپنے قریبی مشیروں کے ساتھ مشاورت پر مجبور ہوگئے ہیں رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اب اہم ذمہ داری وزیر داخلہ چوہدری نثار کو سونپنے کا فیصلہ کیا ۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی زار نے اپنی وزارت کی کا رکردگی پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن میں ایوان زیریں میں پیش کی ہے اور متعدد اہم سوالات کے جوابات بھی دیئے ہیں جو کہ حکومت کیلئے فیس سیونگ اقدام ثابت ہوئے رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار قومی ایکشن پلان سے تین سے چار ماہ سے دور تھے رپورٹ کے مطابق معاملے پر پیش رفت سے آگاہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ چوہدری نثار اب اس منصوبے کی ذمہ داری دوبارہ سنبھال لی ہے رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے منصوبے کے تمام بیس نکات پر ازسرنو غور بھی شروع کردیا ہے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار پہلے ہی یہ اعلان کرچکے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو پوائنٹ ٹو پوائنٹ آگاہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کو حال ہی میں مداس ، نصاب اور دیگر متعلقہ امور کی رجسٹریشن کے حوالے سے تعاون کا ہدف دیا تھا تاہم وزارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت مذہبی امور اس ہدف کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے یہ ذمہ داری اب وزارت دا خلہ کو دی گئی ہے رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ایسے تمام ذرائع کو بھی بند کرنے کا ہدف دیا گیا ہے جو ملک میں دہشتگردی کو ہوا دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو دہشتگردی سے تعلق کے الزام میں گرفتار کئے گئے ہر شخص کیخلاف تحقیقات کرکے ان کی آمدنی کا ذریعہ معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے