ا یگزم بینک میٹروٹرین منصوبے کیلئے 162ارب روپے کے فنڈز فراہم کریگا،حکومت اورایگزم بینک چائنہ کے مابین لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے معاہدہ ،پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور طارق باجوہ جبکہ چین کی طرف سے ایگزم بینک کے نائب صدرسن پنگ نے دستخط کیے،لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی کی زندہ علامت کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا:شہبازشریف، میٹروٹرین کے ذریعے روزانہ 2لاکھ50ہزار مسافر سفر کریں گے،یہ صرف لاہوریا پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے ، معاہدے کی رو سے اس منصوبے کو 27ماہ میں مکمل کیا جاناہے تاہم ہم اس منصوبے کو24ماہ میں مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب ، شہبازشریف کو چین میں ”مین آف ایکشن“کہاجاتا ہے بلاشبہ انہوں نے اسے ثابت بھی کردکھایا ہے:وفاقی وزیر اسحاق ڈار، شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بڑے منصوبے مکمل کررہی ہے :وفاقی وزیر احسن اقبال، اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کئی بار چین کے دورے کیے:نائب صدر ایگزم بینک آف چائنہ

منگل 22 دسمبر 2015 09:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2015ء) حکومت اورایگزم بینک آف چائنہ کے مابین پیر کو یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔معاہدے کے تحت ایگزم بینک آف چائنہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے نہایت آسان شرائط پر 162ارب روپے کے فنڈز فراہم کرے گا۔

پاکستان کی طرف سے معاہدے پروفاقی سیکرٹری اقتصادی امور طارق باجوہ جبکہ چین کی طرف سے ایگزم بینک کے نائب صدرسن پنگ (Mr.Sun Ping)نے دستخط کیے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال ،پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور،چین میں پاکستان کے سفیرخالد مسعود،صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا،صوبائی وزراء،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،معروف صنعتکاروں،بینکرز ،دانشوروں ،کالم نگاروں اوروفاقی وصوبائی حکومت کے اعلی حکام تقریب میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی کا آج ایک اہم موڑ ہے جب اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈ ز کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے جارہے ہیں۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا عظیم الشان منصوبہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کیلئے چین کی حکومت اورقیادت کا شاندار تحفہ ہے ۔ یہ منصوبہ بلاشبہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیاد ت پر چینی قیادت کے بھر پور اعتماد اورپاکستان کے عوام سے چینی قیادت کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

آج کادن پاکستان میں جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب ایک تاریخ ساز دن ہے اور میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پاکستان اورچین کی دوستی میں ایک سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہے۔ پاکستان اورچین عظیم دوست ہیں اورتاریخ میں پاکستان اور چین کی دوستی کی روشن مثالیں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں،لیکن اڑھائی برس قبل دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کا جو سفر شروع ہوا ہے وہ اب پاکستان کے کونے کونے تک پھیل رہا ہے ۔

چین نے پاکستان کی مشکل وقت پر مدد کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا سب سے بااعتماد اور مخلص دوست ہے،بلاشبہ پاک چین دوستی کونئی بلندیوں پر لے جانے کا سہرا وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب ایک اہم قدم ہے اور پاکستان کی تاریخ کے اس منفرد منصوبے کے سول ورکس پر تیزرفتاری سے کام کا آغاز کردیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے تاریخ ساز منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاہدہ طے پانے پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے پرمیٹروٹرین کے ذریعے روزانہ 2لاکھ50ہزار مسافر سفر کریں گے،جس میں بتدریج اضافہ ہوگا اوریہ صرف لاہوریا پنجاب کا منصوبہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اوراس پرپاکستان کے عوام سفر کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کی رو سے اس منصوبے کو 27ماہ میں مکمل کیا جاناہے تاہم ہم اس منصوبے کو24ماہ میں مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اوراس ضمن میں چینی حکام کے ساتھ زبانی معاہدہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ اس منصوبے سے چین کی ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل ہوگی اوریہاں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی تاریخ میں حکومتوں کے مابین ہونے والے معاہدوں میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ پہلا پراجیکٹ ہے جس کے سول ورکس کا کام دوسری حکومت کو دیا گیا ہے ۔بلاشبہ چین کے اس غیر معمولی اورتاریخی اقدام کی مثال نہیں ملتی۔چین کے اس اقدام سے منصوبے کے سول ورکس کا کام پنجاب حکومت کررہی ہے۔چین کا یہ بھر پور اعتماد پاکستان کی تعمیراتی کمپنیوں اورہماری قابلیت اورصلاحیت پر بھی اعتماد کااظہار ہے۔

چین کی جانب سے سول ورکس کا کام پنجاب حکومت کو دےئے جانے سے نہ صرف ایسے منصوبوں کیلئے ہمارے تجربات میں اضافہ ہوگا بلکہ تعمیراتی شعبے میں بڑ ے منصوبوں کے حوالے سے اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے دیگر شہروں میں بھی خود ایسے منصوبے لگا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ریلوے اورنورینکو الیکٹریکل اورمیکینکل ورکس کے حوالے سے پاکستانی کمپنیوں کو سب کنٹریکٹ بھی دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اورپاکستان کی دوستی محبت،چاہت اور شفقتوں سے بھری پڑ ی ہے اور دوستی کا یہ سفر پاکستان کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کاایساعظیم اور مخلص دوست ہے جو پاکستان کی ترقی اورخوشحالی چاہتا ہے ۔چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔دونوں ممالک کی دوستی اورتعاون کاسفر کامیابی سے جاری ہے اور پاکستان کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے تحت چین پاکستان میں46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے جس میں صرف36ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں پر صرف کیے جارہے ہیں۔چین کی لازوال دوستی اورمعاشی تعاون کو پاکستانی کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر شی جنک پنگ اورچین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کوبے شمار تحفے دےئے ہیں جن میں سی پیک کے منصوبے اورلاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ شاندار اورمنفرد نوعیت کا ہے ۔

بلاشبہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی زندہ علامت کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین تعلقات کے فروغ میں اہم کرداراداکرے گا۔چین کے صدر اوروزیراعظم نے واضح طورپر کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ وزیراعظم محمدنوازشریف پاکستان اور لاہور کے عوام کے لیے چین کی جانب سے ایک تحفہ ہے اور ہم چینی قیادت کے اس شاندار ویژن کی دل سے قدر کرتے ہیں ۔

لاگت کے لحاظ سے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اورچین نے انتہائی نرم شرائط پر اس منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے معاہدے پر گزشتہ برس مئی میں دستخط ہوئے تھے ،اس میں ہونے والی تاخیر گزشتہ برس کے دھرنے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ برس کے 6ماہ کے دھرنوں اوراحتجاجی سیاست نے اس تاریخی منصوبے کا دھڑن تختہ کیا۔

یہی نہیں بلکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں میں بھی ان بے مقصد کے دھرنوں کی وجہ سے تاخیر ہوئی جو ہمارے لئے ایک سبق ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر 6ماہ دھرنوں کی وجہ سے قوم کا قیمتی وقت ضائع نہ ہوتا تو اس منصوبے کا سول ورکس بڑی حد تک مکمل ہوچکا ہوتا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری میڈیا سے درخواست ہے کہ حکومت کی خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی ضرور کرے تاہم اسے ان عناصرکی بھی سرزنش کرنی چاہیے ،جو اپنے بے مقصد دھرنوں کے ذریعے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ضائع ہونے والے وقت کی محنت ،امانت،دیانت سے تلافی کرنا ہے اورترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کے سامنے سرخروہونا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ وزیراعظم محمد نوازشریف،ا ن کی ٹیم اور چائنہ ریلوے ونورینکوکمپنی کی انتھک محنت اورکاوشوں کا نتیجہ ہے اور میں وفاقی حکومت کے تعاون اور پنجاب حکومت کی پوری ٹیم،چیف سیکرٹری،ایم ڈی پنجاب میٹروبس اتھارٹی ،خواجہ احمد حسان،صوبائی وزراء،چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود ،پاکستان میں چینی سفارتخانے اور دیگر تمام متعلقہ حکام کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میں منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی پرایگزم بینک کے نائب صدر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 68برس میں قوم کابے پناہ وقت ضائع کیاگیا ہے اب محنت،امانت اوردیانت کے سنہری اصولوں پر چلتے ہوئے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ کریں گے اورعوام کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں سرخرو ہونگے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کے لئے تاریخی دن ہے جب وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں انفراسٹرکچر کے ایک بڑے منصوبے کی فنڈنگ کیلئے معاہدے پر دستخط کیے جارہے ہیں جس پر میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو چین میں ”مین آف ایکشن“کہاجاتا ہے بلاشبہ انہوں نے اسے ثابت بھی کردکھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف وزیراعظم کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں بھی بھر پور تعاون کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے حکومت پنجاب کا تعاون ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشحال اورخود مختار پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے مل کر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہورہے ہیں اورقومی معیشت کی مضبوطی کا اعتراف عالمی ادارے بھی کررہے ہیں ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈنگ کا معاہدہ ایگزم بینک چائنہ اور حکومت کے مابین طے پایا ہے اورانفراسٹرکچر کا یہ بڑا منصوبہ معیشت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بڑے منصوبے مکمل کررہی ہے ،جن میں میٹروبس سروس کا شاندار منصوبہ مکمل ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ایک قومی منصوبہ ہے جس سے پاکستان کے تمام صوبے فائدہ اٹھائیں گے اور ملک میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغازہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آنیوالے وقت میں پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں اورنج لائن جیسے منصوبے نظر آئیں گے کیونکہ ایسے منصوبے پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے ہیں ۔ایگزم بینک آف چائنہ کے نائب صدر سن پنک نے کہا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کئی بار چین کے دورے کیے اور وہ ایگزم بینک بھی آئے۔پاکستان اورچین کی حکومتوں نے ملکر اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے اورمستقبل میں بھی ہم ملکر کام کریں گے تاکہ اس منصوبے کو جلد سے جلد حقیقت کا روپ دیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامورنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے اور میں معاہدہ طے پانے پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف اورعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اپنی مہمان نوازی ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورلاہور اورنج لائن میٹروٹرین کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں شہبازشریف ”مین آف ایکشن“ کے نام سے جانے جاتے ہیں اورانہوں نے اسے ثابت بھی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ عوام کو تیزرفتار اورمحفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ پاک چین دوستی اورمعاشی تعاون کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے ۔ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے اہم خدوخال پر روشی ڈالی۔