ڈاکٹر عاصم کیس میں تفتیشی افسر کے بعد اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر بھی تبدیل ،پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو ہٹا کر سینئر وکیل نثار احمد درانی کو ذمہ داری سونپ دی گئی ،پراسیکیوٹر جنرل سندھ کا اظہار لاعلمی

پیر 21 دسمبر 2015 09:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2015ء) سندھ حکومت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں تفتیشی افسر کے بعد اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو بھی تبدیل کردیا ہے جب کہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے اس قسم کی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔سندھ حکومت نے ڈاکٹر عاصم کیس کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو ہٹا کر سینئر وکیل نثار احمد درانی کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نثار احمد درانی کو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی سمری پر دستخط بھی کر دیئے ہیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب پراسیکیوٹر جنرل سندھ شہادت اعوان نے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو ہٹائے جانے سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں لیکن ہمارے علم میں اس قسم کی کوئی خبر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو ہٹانے کا فیصلہ ہو گا تو سب کے علم میں آ جائے گا۔ اس کے علاوہ مشتاق جہانگیری نے بھی ڈاکٹر عاصم کے مقدمے سے خود کو علیحدہ کرنے کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ سندھ حکومت نے ڈاکٹر عاصم کے مقدمے میں پولیس کے تفتیشی افسر راوٴ ذوالفقار کو تبدیل کر کے ڈی ایس پی الطاف حسین کو تفتیشی افسر تعینات کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کے مقدمے سابق اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری نے 2 روز قبل سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سندھ حکومت ڈاکٹر عاصم کے حق میں بیان دینے کے لئے دباوٴ ڈال رہی ہے اور مجھے ہٹانے کی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز رینجرز نے بھی سندھ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کے مقدمے میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو ہٹانے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :