دہشتگردپاکستانی قوم کوخوف زدہ نہیں کرسکتے ،جان کیری،امریکی عوام سانحہ پشاورکے شہداء کے غم میں برابرکی شریک ہے ،شہداء پی اے ایس پاکستانی قوم کی بہادری کی نشانی ہے،امریکی سیکرٹری خارجہ

جمعرات 17 دسمبر 2015 09:55

وائٹ ہاوٴس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2015ء)امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے پشاورسانحے کے ایک سال مکمل ہونے پراپنے پیغام میں شہداء کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردپاکستانی قوم کوخوف زدہ نہیں کرسکتے ، امریکہ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی پہلی برسی کے موقع پر متاثرہ خاندانوں سے ایک بار پھر اظہاریکجہتی اور دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ انہیں رواں سال واشنگٹن میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بعض طلباء سے ملاقات کا موقع ملا جو سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو ہونے والے حملے کے عینی شاہد تھے۔

(جاری ہے)

امریکی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ان بچوں سے مل کر یہ احساس ہوا کہ دنیا بھر میں موجود اچھے لوگوں کا مل کر دہشت گردی اور لوگوں کی جانیں لینے والے نظریات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا کتنا اہم کام ہے۔

جان کیری نے کہا ہے کہ وہ سانحہ اے پی ایس کاایک سال مکمل ہونے پر تمام امریکیوں کی طرف سے پاکستانی عوام کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ پرتشدد شدت پسندی کے مقابلے اور ایک محفوظ ، مستحکم پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں جان کیری کاکہناتھاکہ دہشتگرداس طرح کی کارروائیاں کرکے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔امریکی عوام سانحہ پشاورکے شہداء کے غم میں برابرکی شریک ہے ،شہداء پی اے ایس پاکستانی قوم کی بہادری کی نشانی ہے