سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفد کی چوہدری نثار سے ملاقات، ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال ،حکومت پاکستان بنگلہ دیش میں پھانسیوں کے معاملے پر ہ عالم اسلام اور عالمی برادری سے رابطہ کرے،حسینہ واجد کے ظلم و جبر کا شکار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے آواز بلندکی جائے،امیر جماعت اسلامی

بدھ 16 دسمبر 2015 10:16

اسلام آباد، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ۔وفد میں قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ،نائب امیر میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز شامل تھے ۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔خاص طورپر بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو دی جانے والی پھانسیوں اور بنگلہ دیشی جیلوں میں بند جماعت اسلامی کے 22ہزار کارکنوں کی رہائی اور 25رہنماؤں کوسنائی گئی پھانسی کی سزاؤں کو رکوانے کے سلسلہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عالم اسلام اور عالمی برادری سے اس حوالے سے رابطہ کرے اور پاکستان سے محبت کے جرم میں بھارتی کٹھ پتلی بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد کے ظلم و جبر کا شکار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے آواز بلندکی جائے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کے تحفظ اور اسے دولخت ہونے سے بچانے کی خاطر جانوں پر کھیل جانے والے قوم کے محسنوں کی قدر کرے اور ان کے احسان کو فراموش کرنے کی بجائے ان کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ 1974میں پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش میں ہونے والے سہ فریقی معاہدے کوبنیاد بنا کر حکومت پاکستان عالمی ادارہ انصاف سے رجوع کرے ۔