اے پی ایس کے شہداء اور زخمیوں نے دہشت گردی کیخلاف عظیم قربانیاں دی ہیں،آرمی چیف ،دہشت گردی کیخلاف قربانی دینے والوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائیگا،مقاصد کے حصول تک کوششیں جاری رکھیں گے ،جنرل راحیل شریف کا کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب ،کور کمانڈر کانفرنس میں پشاور شہداء کو خراج عقیدت اوروالدین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار ،شرکاء کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی اور سلامتی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ

بدھ 16 دسمبر 2015 10:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف قربانی دینے والوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائیگا،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کے مطابق منگل کے روز کور ہیڈ کوارٹر رزراولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے اے پی ایس کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے والدین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ،ترجمان کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی اور سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا ،ترجمان کے مطابق شرکاء کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور ملکی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ،شرکاء نے ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا جبکہ نئے ابھرتے ہوئے جیوسٹرٹیجک چیلنجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور زخمیوں کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے ،آرمی چیف نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء اور زخمیوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں ، مقاصد کے حصول اور مستحکم بنانے تک کوششیں جاری رکھیں گے جوشہداء ا و رزخمیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کرنے کا یہی صحیح طریقہ کار ہوگا۔