ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے فنڈز دینے کا فیصلہ ،مزید آسان شرائط پر قرضے دیئے جائینگے ، بینک 1050 ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرچکا ہے اور اس حجم کو بڑھا کر 1.5ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا، کنٹری ڈائریکٹر کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات

منگل 15 دسمبر 2015 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء) ایشین ترقیاتی بینک (اے ڈی بی )کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ایشین ترقیاتی بینک نے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے فنڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان کی ترقی کیلئے مزید آسان شرائط پر قرضے دیئے جائینگے ۔ بینک 1050 ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرچکا ہے اور اس حجم کو بڑھا کر 1.5ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا یہ بات انہو ں نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینک ترقیاتی منصوبوں کیلئے امداد میں اضافے کرے گا اور سال دو ہزار سولہ میں نئے فنڈز کا اجراء کیا جائے گا ان کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے تجارتی فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر میں 95ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکا ہے اور قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کیلئے فنڈز کا اجراء سال دو ہزار سولہ میں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اسلامک فنانس اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ذریعے مزید نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے امداد کی جائے گی اور آئی آئی بی موٹروے ایم فور شور کوٹ سے خانیوال منصوبے کیلئے امداد فراہم کرے گا وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا کردار پاکستان کیلئے مثالی ہے اور کئی بنیادی منصوبوں کی تعمیر و ترقی کیلئے اے ڈی بی نے اپنا کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے سخت جدوجہد کررہی ہے اور پاکستان میں روزگا فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی سالانہ اجلاس دو سے پانچ مئی دو ہزار پندرہ کو ہوگی جس میں پاکستان میں کئے گئے منصوبوں پر کام کی تفصیلات زیر غور ہونگی اور اس کیلئے مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی وزیر خزانہ نے ای ڈی کو رپورٹ کی تیاری کیلئے ہدایت جاری کردی ہیں اور اے ڈی بی اور مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے