الیکشن کمیشن کی نااہلی کی مار کھا چکا اب الیکشن کمیشن خود مار کھائے گا،ایاز صادق،الیکشن کمیشن نے ووٹ ٹرانسفر پر تحریک انصاف کی درخواست پر انہیں سنے بغیر معاملہ ٹربیونل کو بھیج دیا یہ الیکشن کمیشن کی بدنیتی ہے،میڈیا سے گفتگو،چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے سردار ایاز صادق کو شوکاز نوٹس بھیجے جانے کا امکان،ذاتی مفاد کیلئے اداروں پر تنقید کرنا بدقسمتی ہے،الیکشن کمیشن، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے،سپیکر ایاز صادق کے ریمارکس قابل مذمت ہیں،عوامی عہدہ رکھنے والے قومی اداروں کا احترام کریں،بیان

پیر 14 دسمبر 2015 10:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹ ٹرانسفر پر تحریک انصاف کی درخواست پر انہیں سنے بغیر معاملہ ٹربیونل کو بھیج دیا یہ الیکشن کمیشن کی بدنیتی ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے تھا مجھے بلاتے میرے وکیل کو کیوں نہیں بلایا گیا ۔

ووٹ میں نے ٹرانسفرتو نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کی نااہلی کی پہلی ایک مار کھا چکا ہوں اس دفعہ الیکشن کمیشن اپنی نااہلی کی خود مار کھائے گا۔ ضمنی الیکشن مین دھاندلی ثابت نہیں ہوئی ضمنی الیکشن فوج کی نگرانی میں ہوئے ۔ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے الیکشن کمیشن کے خلاف سخت بیان کا الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا ہے اور آج چیف الیکشن کمیشنر کی طرف سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی مشاورت کے بعد سردار ایاز صادق کو شوکاز نوٹس بھیجے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ الیکسن کمیشن نااہل ہے اور مجھے سنے بغیر حلقہ این اے 122 سے ووٹوں کے باہر جانے سے متعلق کیس کو ٹربیونل میں بھیج دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بھی یہ کہا کہ الیکشن کمیشن صرف دھمکی کی زبان سمجھتا ہے۔ ادھرالیکشن کمیشن نے سپیکر ایاز صادق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

ذاتی مفاد کیلئے اداروں پر تنقید کرنا بدقسمتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سپیکر ایاز صادق کا ریمارکس قابل مذمت ہے۔ قومی اداروں پر تنقید کرنا ہماری بدقسمتی ہے عوامی عہدہ رکھنے والے قومی اداروں کا احترام کریں۔ ذاتی مفاد کیلئے اداروں پر تنقید کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری سے بخوبی اگاہ ہے ہمیں ڈکٹیشن نہ دیا کریں۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ سپیکر ایاز صادق کے الزامات بلا جواز اور بے بنیاد ہیں۔