نیب نے امیر حیدر ہوتی ، ارباب عالمگیر ، عاصمہ ارباب ، اسلم رئیسانی ، سراج محمد خان کے خلاف تحقیقات مکمل کر لیں ،اسلم رئیسانی نے 100 ملین کے زائد اثاثے اور محکمہ مال میں درجنوں افراد کو غیر قانونی طریقہ سے بھرتی اور سونے کے ریکوڈک منصوبہ میں اربوں کی کرپشن کی،امیر حیدر ہوتی نے متحدہ عرب امارات میں ٹرانسپورٹ کمپنی ، دبئی اور اسلام آباد میں قیمتی فلیٹس اور گھر خریدے،آمدنی اربوں میں ہے، رکن سراج محمد خان کیخلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری زمین کی الاٹ منٹ میں مبینہ بھاری کرپشن کا الزام ہے

پیر 14 دسمبر 2015 09:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2015ء) نیب نے سابق وزیر اعلی کے پی کے امیر حیدر ہوتی ، سابق مواصلات ارباب عالمگیر ، سابق وزیر اعلی بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف کرپشن تحقیقات مکمل کر لی ہیں ۔ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں چیئرمین نیب مستقبل قریب میں فیصلہ کریں گے جبکہ امیر حیدر ہوتی ، ارباب عالمگیر ، ایم این اے سراج محمد خان کی کرپشن کے ثبوت بھی مل گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلی بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف 100 ملین کے زائد اثاثے بنانے اور محکہ مال میں درجنوں افراد کو غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کرنے بارے تحقیقات بھی مکمل کر لی گئی ہیں ۔ سونے کے ریکوڈک منصوبہ میں اربوں کی کرپشن بارے بھی تحقیقات مکمل ۔ سابق چیئرمین ریکوڈک محمد فاروق کے خلاف شواہد مل گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سحر کامران کے خلاف کرپشن کے ثبوت وزارت خارجہ نے نیب کو فراہم کر دیئے ہیں ۔

سحر کامران پر الزام ہے کہ انہوں نے جدہ میں انٹرنیشنل سکول کی سربراہ کی حیثیت سے کروڑوں روپے کی کرپشن کی تھی نیب نے سابق جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سکندر حیات میکن کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں بارے بھی تحقیقات مکمل کر لی ہیں ۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر مواصلات ارباب عالمگیر اور ان کی بیوی عاصمہ ارباب عالمگیر کی کرپشن کے دستاویزاتی ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں ۔

حکمران طبقہ کے اس جوڑے نے کرپشن ذرائع سے پشاور میں بھاری پراپرٹی خریدی ہے جبکہ بہارہ کہو اسلام آباد میں ان کے نام کے بے نامی اکاؤنٹس بھی انکشاف ہوا ہے ۔ سابق وزیر اعلی کے پی کے امیر حیدر ہوتی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں ان کے ثبوت بھی نیب حکام کو حاصل ہو گئے ہیں ۔امیر حیدر ہوتی نے کرپشن کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں ٹرانسپورٹ کمپنی بنا رکھی ہے دبئی میں فلیٹس بھی خرید رکھا ہے جبکہ اسلام آباد کے پوش علاقہ ایف ایٹ میں قیمتی گھر بھی خریدا ہے بظاہر ان کی آمدن کے ذرائع نہیں لیکن اثاثے اربوں روپے کے ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق ریونیو کمشنر اور قومی اسمبلی کے رکن سراج محمد خان کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری زمین کی الاٹ منٹ میں مبینہ بھاری کرپشن کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں ۔نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدیات کے مطابق 31 دسمبر سے قبل انکوائری مکمل کرنی تھی اور انکوائری مکمل کرکے رپورٹ ہیڈ آفس بجھوا دی گئی ہے ۔