وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس،قومی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ،اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر ناصر خان جنجوعہ کی شرکاء کو بریفنگ، سیاسی و عسکری قیادت کا دہشت گردوں کیخلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کاعزم

بدھ 9 دسمبر 2015 09:43

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2015ء ) وزیرا عظم نواز شریف کی زیر صدار ت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاک بھارت تعلقات،ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس افغانستان کی صورتحال،آپریشن ضرب عضب ،قومی سلامتی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیرا عظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ،طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے ،اجلاس میں مشیربرائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے وزیراعظم نواز شریف قومی سلامتی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ہے جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اجلاس میں بنکاک میں ہونے والی پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے، اجلاس میں اسلام آباد میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا ہے اور جو نکات وہاں اٹھائے جائیں گے انکو بھی حتمی شکل دی گئی ہے ،اجلاس میں پاک بھارت تعلقات اور بھارتی وزیراعظم سشما سوراج کی پاکستان آمد اور وزیراعظم سمیت دیگر اعلی حکام سے ہونے والی متوقع ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق اجلاس میں افغانستان کے صدر کی پاکستان آمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کی گیا اور قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کیخلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے ۔