بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں،پاکستان میں رشتوں کو سدھارنے اور تعلقات آگے بڑھانے کا پیغام لے کر آئی ہوں ، بھارتی وزیر خارجہ

بدھ 9 دسمبر 2015 09:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2015ء) بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں ۔ وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے نور خان ایئر بیس پر مہمان وزیر خارجہ کا استقبال کیا بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج منگل کی شام نئی دہلی سے اسلام آباد پہنچیں تو نور خان ایئر بیس پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے ان کا استقبال کیا ششما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیراعظم نواز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرینگی ششما سوراج کے اس دورے کو پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں اہم بریک تھرو قرار دیا جارہا ہے ششماسوراج کی آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ادھربھارتی وزیر خارجہ ششماسوراج نے کہا ہے کہ پاکستان میں رشتوں کو سدھارنے اور تعلقات آگے بڑھانے کا پیغام لے کر آئی ہوں ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ششما سوراج نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے اس لئے شرکت کے لئے آئی ہوں انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہوگی جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے لیے بات ہوگی میں یہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ رشتے اچھے ہوں اور تعلقات آگے بڑھیں