بھارتی خفیہ ایجنسی کی سازش سے برہمداغ بگٹی سے ملاقات نہیں کر سکا،رحمن ملک،بلوچستان میں سونے‘ چاندی‘ تانبے گیس تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں،خبر رساں ادارے سے گفتگو

پیر 7 دسمبر 2015 09:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ آن لائن۔7دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھرتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی سازش کی وجہ سے براہمداغ بگٹی سے تاجکستان میں ملاقات نہ ہو سکی۔ ”را“ نے براہمداغ کو کہا کہ رحمان ملک آپ کو قتل کروا دیں گے جسکی وجہ سے انہوں نے ملاقات سے معذرت کر لی۔ فاٹا کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میری براہمداخ بگٹی سے بلوچستان کے معاملے پر تاجکستان میں ملاقات طے ہو چکی تھی لیکن بھارتی خفیہ ایجنسی را نے براہمداخ بگٹی کو کہا کہ رحمان ملک آپ کو قتل کروا دے گا جس پر براہمداغ بگٹی نے ملاقات سے معذرت کر لی لیکن میں نے انہیں کہا کہ آپ جہاں کہیں‘ پاکستان‘ افغانستان بارڈر یا اس کے علاوہ کسی جگہ پر میں اکیلا ہی آ جاؤں گا لیکن میری بہت سی کوششوں کے باوجود ہماری ملاقات نہ ہو سکی اس میں ”را“ کی سازش تھی جس کی وجہ سے ہماری ملاقات نہ ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی مسائل سے بھرا بڑا ہے اگر ہم وقت پر فیصلہ کرتے تو ہمارے حالات بہت بہتر ہوئے یو اے ای اور سعودی عرب نے وقت پر فیصلہ کیا اور آج وہ اپنے قدرتی وسائل کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں بلوچستان میں سونے‘ چاندی‘ تانبے گیس تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ ہمیں وقت پر فیصلہ کرنا ہو گا ہمارے لوگوں کو باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ باہر سے لوگ پاکستان آئیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ فاٹا کی عوام کو ان کے حقوق دینے کیلئے فاٹا کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے۔