دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دے رہے، تختہ دار پر لٹکایا جارہا ہے،پرویز رشید،2018ء سے قبل ملک کو دہشت گردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پاک کردینگے،پاکستان بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی دو ارب آبادی مستفید ہو گی،پاکستان کو دیوالیہ قرار دیئے جانیوالی رپورٹیں جھوٹی ثابت ہو گئی ہیں،نوازشریف کی خارجہ پالیسی کا ویژن انتہائی واضح ہے، نریندر مودی سے ملاقات دنیا کے سامنے ہوئی،شہبازشریف برطانیہ کے سرکاری دورے پر گئے ، عمران خان جھوٹوں کے چیمپئن ہیں ، خیبرپختونخوا میں دس کروڑ درخت کہیں نظر نہیں آئے، کپتان اتنا جھوٹ بولیں جتنا عوام ان پر یقین بھی کرسکیں،وزیراطلاعات ونشریات کا کھاریاں میں تقریب سے خطاب،صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 دسمبر 2015 10:14

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دے رہی، فوجی عدالتیں کام کررہی ہیں، دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جارہا ہے ،2018ء سے قبل ملک کو دہشت گردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پاک کردینگے، پاکستان دنیا بھر میں کسی بھی جگہ ہونیوالی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے ،پاکستان بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ،اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی دو ارب آبادی مستفید ہو گی،پاکستان کو دیوالیہ قرار دیئے جانیوالی رپورٹیں جھوٹی ثابت ہو گئی ہیں،وزیراعظم نوازشریف کی خارجہ پالیسی کا ویژن انتہائی واضح ہے، نوازشریف کی نریندر مودی سے ملاقات دنیا کے سامنے ہوئی،شہبازشریف برطانیہ کے سرکاری دورے پر گئے ، عمران خان جھوٹوں کے چیمپئن ہیں ، خیبرپختونخوا میں دس کروڑ درخت کہیں نظر نہیں آئے، کپتان اتنا جھوٹ بولیں جتنا عوام ان پر یقین بھی کرسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاریاں میں خصوصی بچوں سے متعلق منعقدہ ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کیخلاف کوئی رعایت نہیں کررہی ، دہشت گردوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں اور فوجی عدالتیں کام کررہی ہیں،2018ء سے قبل ملک کو دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلا دینگے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے ، امریکہ اور فرانس میں دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں ، دہشت گردی دنیا میں کہیں بھی ہو پاکستان اسی مخالفت و مذمت کرتا ہے ۔ عوام کو اپنے دور حکومت میں ان بحرانوں سے ہی نجات دلائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ، دنیا پاکستان کی معیشت کے بارے میں مثبت پیش گوئیاں کررہی ہے ، پاکستان کو دیوالیہ قرار دیئے جانیوالی رپورٹیں جھوٹی ثابت ہو گئی ہیں ، پاکستان کو مضبوط ہوتی معیشتوں میں شامل کیا جارہا ہے، گزشتہ ساٹھ سالوں میں 15ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر نے کے کارخانے لگائے گئے جو گزشتہ 65سالوں میں نہیں ہو سکا ہم نے ڈھائی سالوں میں کر دکھایا، اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان خطے کا مرکز بنے گا ، اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی دو ارب آبادی مستفید ہو گی ، پاکستان خطے کی دو ارب آبادی کی معیشت کا مرکز بنے گا ، دھر نوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ چھ ماہ تک تاخیر کا شکار رہا ، عمران خان کے دھرنے نے ملکی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنا ، ضمنی انتخابات ، بلدیاتی انتخابات یا کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ،عمران خان جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں ، دس کروڑ درخت لگانے کا دعویٰ کیا جو کہیں نظر نہیں آتے ، وہ اتنا جھوٹ بولیں کہ لوگ یقین بھی کرسکیں ،عمران خان جھوٹ بولنے کے چیمئپن ہیں ، جھوٹ بولنے کے مقابلے میں عمران خان وکٹری سٹینڈ پر سب سے اوپر نظر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہبازشریف برطانیہ کے سرکاری دورے پر گئے ، وزیراعظم نوازشریف کی خارجہ پالیسی کا ویژن انتہائی واضح ہے ، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور بھارتی وزیراعظم کیساتھ ملاقات خفیہ نہیں سب کے سامنے ہوئی ہے ، عمران خان منفی پروپیگنڈہ کرنا چھوڑ دیں۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بچوں کو تعلیم سے محروم کرکے ان کے ہاتھوں میں بھیک کے کٹورے دینا ایک شرمناک عمل ہے ، پاکستان میں روایت رہی ہے کہ خصوصی بچوں کو تعلیم دینے کی بجائے بھیک منگوائی جاتی تھی اب ملک میں یہ روایت ختم ہو رہی ہے ، صرف اسلام آباد میں 12ادارے خصوصی بچوں کو تعلیم فراہم کررہے ہیں اور ماہانہ آٹھ سو روپے ان کو خرچہ دیا جارہا ہے ، خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ایک قابل تحسین عمل ہے جبکہ پنجاب کے 13اضلاع میں نابینا افراد کے لئے ہسپتال قائم کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میٹرو بس میں نابینا افراد کی سہولت کے لئے سپیشل سسٹم نصب کیا جانا چاہیے۔