متحدہ اپوزیشن کا اتحاد،حکومت متحرک ہوگئی ،ایم کیو ایم سے رابطہ ،متحدہ نے حکومت اور اپوزیشن کو بلدیاتی الیکشن کے بعدجواب دینے کی مہلت مانگ لی،شیخ رشید کو فاروق ستار سے رابطہ کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا،جلد ملاقات بھی متوقع

جمعہ 4 دسمبر 2015 09:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2015ء)متحدہ اپوزیشن کے راستوں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے حکومت متحرک ہوگئی ،ایم کیو ایم کو متحدہ اپوزیشن میں شامل نہ ہونے کی باقاعدہ درخواست کردی جبکہ ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر رابطہ کاروں کو کہا ہے کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے بعد ہی حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے،خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈرسید خورشید احمد شاہ کی جانب سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ متحدہ اپوزیشن کے کردار کیلئے کی جانے والی کوششوں سے حکمران خائف ہوگئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے اہم رہنما نے ایم کیو ایم سے رابطہ کر کے انہیں متحدہ اپوزیشن میں شامل نہ ہونے کی درخواست کی جس پر ایم کیو ایم نے ہمیشہ کی طرح اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بعد فیصلہ کیا جائیگا کہ انتخابات میں ان کے ساتھ سندھ سمیت وفاقی حکومت کا رویہ کیسے رہا ہے،دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے ایم کیو ایم سے باقاعدہ رابطہ کر کے متحدہ اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے تاہم اس پر بھی ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن کے بعد جواب دینے کی مہلت مانگی ہے،خبر رساں ادارے کو معتبر ذرائع نے بتایا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایم کیو ایم کو متحدہ اپوزیشن میں شامل کرنے کے لئے پی ٹی آئی اے رہنما سے مشاورت کی ہے اور امید کی جاتی ہے کہ بہت جلد شیخ رشید احمد ایم کیو ایم کے رہنما فاروق سے ملاقات کریں گے اور انہیں اپوزیشن میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے