بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات شہبازشریف سے چھیننا ہوں گے،شجاعت حسین/پرویزالٰہی ،نومنتخب ساتھی مخالفین کیلئے میدان خالی نہ چھوڑیں، لاہور کا وزیراعلیٰ لندن میں سیر کر رہا ہے، یہاں روزانہ 200ڈاکے پڑ رہے ہیں ، نت ہاؤس میں خطاب

جمعہ 4 دسمبر 2015 09:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو اپنے وہ تمام اختیارات شہبازشریف سے چھیننا ہوں گے جو ہمارے دور میں انہیں حاصل تھے، اس سلسلہ میں ہم ان سے مکمل تعاون کریں گے اور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نومنتخب ساتھی کہیں بھی مخالفین کیلئے میدان خالی نہ چھوڑیں، آنے والے سیاسی دور میں ہماری جماعت ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرے گی، ہمارے بعض ساتھیوں کا مشورہ ہے کہ گجرات میں چیئرمین شپ کا امیدوار آپ کے خاندان کا فرد ہونا چاہئے، ان کا شکریہ ہم اپنے تمام ساتھیوں کی مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنما نت ہاؤس میں چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، مونس الٰہی اور حسین الٰہی کے ہمراہ کامیاب بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت نیک ہے اس لیے ہمیں نیک نیت لوگوں کا ساتھ ملا، آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں ایک تبدیلی نظر آئے گی، ہم اپنے ان ساتھیوں اور ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بلدیاتی الیکشن میں ہمارے نمائندوں کو ووٹ دئیے اور کامیاب کروایا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات یونیورسٹی کی طرح میں انشاء اللہ گجرات میڈیکل کالج کا تحفہ بھی دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں نے پنجاب حکومت کا مقابلہ کیا، میں ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کی قیادت میں پولیس سے مقابلہ کرنے والوں کو میں مبارکباد دیتا ہوں، ہمارے ہارنے والے بھی ہارے نہیں بلکہ ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا گیا، یہ رات 2بجے کے بعد نتائج میں خصوصی ہیرا پھیری کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے چالیس ارب کا منی بجٹ پیش کر کے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرا دیا ہے، لاہور کا وزیراعلیٰ شہبازشریف لندن میں سیر کر رہا ہے اور لاہور میں روزانہ 200ڈکیتیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو نہ ہونے سے علاقہ میں چار ہزار اموات ہو چکی ہیں، شہبازشریف کیخلاف ان کے قتل کی ایف آئی آر درج ہونی چاہئیں، لاہور میں ہمارا تعمیر کردہ سرجیکل ٹاور بھی انہوں نے چالو نہیں کیا جبکہ ان کا نندی پور پاور پراجیکٹ بند ہے البتہ اس کے اشتہار ٹی وی پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا کسان پیکیج کہاں ہے، 1122 کیلئے نئی گاڑیاں نہیں خریدی جا رہیں، ہسپتالوں میں ادویات کی کمی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پہلے ہم نے میٹرک تک تعلیم مفت کی اب موقع ملا تو بی اے تک تعلیم اور کتابیں بھی مفت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتیں آ کر کچھ کرنے کا نعرہ لگاتی ہیں جبکہ ہم نے تو یہ سب کچھ پہلے ہی کر دکھایا، پولیس سمیت ہر محکمہ کا ن لیگ نے بیڑہ غرق کر دیا ہے، ہر ادارے کے اندر مداخلت کرتے ہیں ساری بیوروکریسی ان سے تنگ ہے لیکن وہ مجبور ہیں، جب سارے اختیارات چیف منسٹر اپنے پاس رکھے تو پھر اتنی بڑی کابینہ کا کیا کام ہے۔

اس موقع پر خدیجہ فاروقی ایم پی اے، جاولد اصغر گھرال، ذوالفقار پپن، اصغر تیل والا، سعادت حسین اجنالہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :