پاکستان معیشت کو بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو چکا ہے،محمد شہباز شریف،آنے والا وقت اچھی خبریں لائے گا ،دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پایا جا چکا ہے،بدلتے عالمی معاشی منظر نامے میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے ، وزیر اعلی پنجاب کا لند ن میں یوکے -پاکستان انرجی اینڈ انفراسٹرکچر فورم کی بین الاقوامی مجلس سے خطاب

جمعرات 3 دسمبر 2015 09:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اپنی معیشت کو بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو چکا ہے اور آنے والا وقت پاکستان اور اہل پاکستان کے لئے ہر اعتبار سے اچھی خبریں لیکر آئے گا - لند ن میں دورہ برطانیہ کے چوتھے روز یو کے پاکستان انرجی اینڈ انفرسٹرکچرفورم and Infrastructure Forum) (Uk-Pakistan Energy کے تحت بین الاقوامی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی معاشی منظر نامے میں پاکستان کی اہمیت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جس سے تمام ترقی یافتہ ممالک کو فائدہ اٹھانا چاہیے-انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بڑی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور ہم 2017کے آخر میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے -انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس میں برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات میں نمایا ں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ آنے والے چند برسوں میں دونوں ملکوں کی تجارت کا حجم ایک بلین پونڈ تک پہنچ جائے گا -وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے ،تیل ،پانی اور گیس ہر طرح کے ذرائع سے بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے -انہوں نے کہا کہ یہ آمر خوش آئندہے کہ اس کانفرنس میں برطانیہ کے علاوہ پاکستان اور چین کے ممتاز سرمایہ کار اور بین الاقومی نمائندے شرکت کر رہے ہیں -وزیر اعلی نے بتایا چین کے ساتھ برطانیہ کے بڑھتے ہوئے تعلقات میں اضافہ پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے بھی کئی خوش آئندمواقع پیدا کرے گا -