دورہ برطانیہ کا مقصد پاکستان کے لئے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنا ہے، شہبازشریف،برطانیہ تعلیم‘ صحت اور سکل ڈویلپمنٹ میں پہلے ہی پاکستان خصوصاً پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے‘برطانوی تعاون غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے،دورہ برطانیہ کا ہر لمحہ پنجاب اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے راسے ہموار کرنے میں صرف کیا جائے گا‘ پاکستان کی افرادی قوت کی بہت مانگ ہے،دورہ برطانیہ میں نالج پارک کے منصوبے میں بھی برطانوی اداروں کا تعاون حاصل ہو گا: وزیراعلیٰ پنجاب کی لندن آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو،وزیراعلیٰ اعلیٰ د ورہ برطانیہ میں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر‘ سیکرٹری آف سٹیٹ فار فارن اینڈ کامن ویلتھ افیئرز اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے

اتوار 29 نومبر 2015 10:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دورہ برطانیہ کا مقصد پاکستان کے لئے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنا ہے۔ تعلیم‘ صحت اور سکل ڈویلپمنٹ میں برطانیہ پہلے بھی پاکستان خصوصاً پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور حالیہ دورے سے ان شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

لندن آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کی سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں بہت زیادہ مانگ اورطلب ہے۔ تاہم جدیدتربیت میں کمی کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے۔ برطانیہ کے دورے کے دوران سکل ڈویلپمنٹ میں مطلوبہ مثبت نتائج حاصل ہوں گے اور نہ صرف پاکستان کی افرادی قوت پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرے گی بلکہ اس سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کا ایک ایک لمحہ پنجاب اور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے ہموارکرنے میں صرف کیا جائے گا اور اس ضمن میں برطانیہ کا تعاون غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توقع ہے کہ دورہ برطانیہ میں نالج پارک کے منصوبے میں بھی برطانوی اداروں کا تعاون حاصل ہو گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف برطانیہ کے پانچ روزہ دورے پر لندن پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر برطانوی حکومت کے اعلیٰ حکام اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیراعلیٰ اپنے دورے کے دوران نیشنل سکیورٹی کے ایڈوائزر‘ سیکرٹری آف سٹیٹ فار فارن اینڈ کامن ویلتھ افیئرز‘ سیکرٹری ہوم‘ سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ‘ منسٹر آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ‘ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ برطانیہ پاکستان انرجی اور انفراسٹرکچر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ برطانیہ کے وزیرتجارت و سرمایہ کاری سے بھی ملاقات کریں گے اور لندن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ و زیراعلیٰ کا پانچ روزہ دورہ انتہائی مصروف ترین دورہ ہے۔