وزیر اعظم کی 40 ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی ہدایت ، ٹیکس میں اضافے سے متعلق وزارت خزانہ کی بھیجی گئی تجویز کی وزیر اعظم نے منظوری دیدی

جمعہ 27 نومبر 2015 09:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے 40 ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی ہدایت کر دی ہے وزارت خزانہ کی طرف سے بھیجی گئی ٹیکس میں اضافے کی تجویز پر وزیر اعظم نے منظوری دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سہہ ماہی کے محصولات میں 40 ارب کی کمی کو پورا کرنے کے لئے وزارت خزانہ نے تین مختلف چیزوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی جس میں پرتعیش چیزوں کی درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ، انکم ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے تجویز کو منظور کرتے ہوئے فوری ٹیکس وصولی اور محصولات میں کمی کو پورا کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ دو دن میں اکنامک کوآرڈینیشن میٹنگ کے دوران ٹیکس لگانے کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی اور ایف بی آر کو ایس آر او جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جائیں گے ۔ ایف بی آر اور حکومت نے ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے پر اتفاق کیا گیا ہے اور 5 سے 10 فیصد لگانے سے محصولات کی کمی پورا کیا جا سکتا ہے ۔ پرتعیش چیزوں میں سگریٹ ، مشروبات اور چاکلیٹ وغیرہ شامل ہیں جن پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے کی تجویز ہے ۔