عمران خان کے پاس بھارت میں ایک نیا پاکستان بنانے کا اچھا موقع ہے ،سینیٹر مشاہد اللہ خان، پاکستان ایک سنجیدہ اور ذمہ دار ملک ہے‘ کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 09:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ بھارت میں ایک نیا پاکستان بنائیں کیوں کہ وہاں پر اس طرح کے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ پاکستان ایک سنجیدہ اور ذمہ دار ملک ہے‘ کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے منشور اور اس کے دھرنے سیاست کا برا منایا ہے اس لئے پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاست پر نظرثانی کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور سنجیدہ ملک ہے جبکہ بھارت میں مودی حکومت اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس پورے خطے کو بدحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی اور وزیراعظم نواز شریف کس طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں امتیازی سلوک اور تعصب کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کرپشن ہوئی ہے اس میں صرف سیاست دان نہیں بلکہ جج اور صحافی بھی ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہیں ہو گا وہاں پر نظام صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا ہے۔