اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی

جمعہ 27 نومبر 2015 09:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2015ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کی جانب سے مسلسل عدم حاضری پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کرنے کا حکم جاری کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے وزیراعظم نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ ایک پاکستان عوامی تحریک نے 2014 ء کے دھرنوں کے دوران اپنے کارکنوں کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ کی عدالت میں درج کروایا تھا مقدمہ میں وزیراعظم نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ چوہدری نثار علی ‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ آئی جی اسلام آباد‘ آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام کو نامزد کیا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمہ میں قتل اقدام قتل ‘ خوف و ہراس پھیلانے اور اکسانے سمیت دہشت گردی کی دفعہ 7AT شامل کی گئی تھیں۔ یاد رہے کہ ایف آئی آر کے اندراج کا حکم ایڈیشنل سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے دیا تھا جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئی جی اسلام آباد نے چیلنج کیا تھا۔