پاکستان اور روس کا پانچ ملکوں پر مشتمل سنٹرل ایشین اینٹی ڈرگ قوئنٹیٹ کو فعال اور مزید متحرک کرنے پر اتفاق ،وفاقی وزیرِداخلہ سے روسی وفد کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون، خطے کی صورتحال، انسدادِ منشیات بارے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت،منشیات کا ناسور خطے کے امن و امان اور ترقی میں بڑی رکاوٹ ،خطے کے ممالک میں ٹھوس اور قابل عمل انٹیلی جنس اطلاعات کے تبادلہ خیال کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے،چوہدری نثار

جمعہ 20 نومبر 2015 10:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2015ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے پاک ر وس انٹر گورنمنٹل کمیشن برائے اکنامک، ٹریڈ اور سائنسی تعاون اور رشین فیڈریشن کی فیڈرل ڈرگ کنٹرول سروس کے ڈائریکٹر وکٹر پی ایوانوو نے پنجاب ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-روس دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون، خطے کی صورتحال اور انسدادِ منشیات کے سلسلے میں انفرادی و علاقائی سطح پر کئے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی ۔

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان میں مزید وسعت چاہتا ہے خطے کے استحکام، خوشحالی، امن اور خطے کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں روس کاکردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

منشیات کا ناسور خطے کے امن و امان اور ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ غیر قانونی ڈرگ ڈیلرز کوپکڑنے اور ان کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان ٹھوس اور قابل عمل انٹیلی جنس اطلاعات کے تبادلہ خیال کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔

خوش قسمتی سے پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں ڈرگ کنٹرول اتھارٹیز فعال اور متحرک ہیں۔افغانستان میں منشیات کی سالانہ پیداوار میں حالیہ اضافہ باعث تشویش ہے۔ انسداد منشیات کے سلسلے میں جہاں متعلقہ قوانین پر عملدرآمد اور منشیات کی ترسیلات پر موثر کنٹرول ضروری ہے وہاں منشیات کے پیداواری علاقوں میں متبادل ذرائع آمدن پیدا کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان اور رشیا کا پانچ ملکوں پر مشتمل سنٹرل ایشین اینٹی ڈرگ قوئنٹیٹ (Central Asian Anti-Drug Quintet) کو بھی فعال اور مزید متحرک کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ سنٹرل ایشین اینٹی ڈرگ قوئنٹیٹ میں پاکستان ، روس ، افغانستان، ایران اور تاجکستان شامل ہیں۔ انسدادِمنشیات کے سلسلے میں معلومات و تجربات کے تبادلے کے علاوہ دونوں ملکوں کا متعلقہ اداروں کی تجزیاتی اور فارنسک صلاحیتوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔

فیڈریشن کی فیڈرل ڈرگ کنٹرول سروس کے ڈائریکٹر وکٹر پی ایوانوونے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے جو خطے کے امن کے لئے بے شمار قربانیاں دے رہاہے۔ روس حکومت پاکستان کی انسداد منشیات کیے لئے کی جانے والی کوششوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ روس پاکستان سے ہر ممکنہ شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔