اسحاق ڈار نے ملک کی پہلے اسلامک شیئر انڈیکس کا افتتاح کر دیا ، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں رنگ بیل بجا کر باقاعدہ ٹریڈنگ کا آغاز کیا گیا ، پاکستان جلد دنیا کی 18واں بہترین معاشی ملک بن جائیگا، تمغوں کے لیے نہیں پاکستان کی خدمت کے لیے کام کررہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

جمعرات 19 نومبر 2015 09:21

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی پہلے اسلامک شیئر انڈیکس کا افتتاح کر دیا ۔ بدھ کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں رنگ بیل بجا کر باقاعدہ ٹریڈنگ کا آغاز کیا گیا ۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جلد دنیا کی 18واں بہترین معاشی ملک بن جائیگا، تمغوں کے لیے نہیں پاکستان کی خدمت کے لیے کام کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کو اسلامی طریقوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے گذشتہ 15برسوں سے ہوا میں معلق اسلامک شیئر انڈیکس کا معاملہ با لا آخر حل ہو گیا ۔ بدھ کو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں اسلامک شیئر انڈیکس کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کے چیئر مین ظفر الحق اعجازی ، کے ایس ای کے چیئر مین منیر کمال ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سعید احمد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ نے رنگ بیل بجاکر ملکی تاریخ میں پہلی بار اسلامک شیئر انڈیکس کی ٹریڈنگ کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اچھا کردار ادا کر رہا ہے‘ صرف الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔ 2008ء میں کراچی اسٹاک مارکیٹ کے کرائسز کی رپورٹ منظرعام پر لانے کے لیے ایس ای سی پی کو پابند کروں گا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آل شیئرز اسلامک انڈیکس آف پاکستان کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اداروں پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیاکہ وہ صرف الزامات نہ لگائیں۔ ایس ای سی پی کی اچھی اور شفاف کارگردگی سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔ کرپشن میں ملوث افراد کو سامنے لانے پر ریگولیٹر کو پابند کروں گا۔بروکرز کی ناراضگی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بروکرز کے مسائل کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو میز پر جمع کرکے ان کی شکایات دور کراوں گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹی بلز کو ہم نے لسٹ کروایا ہے جس کے بعد اب سکوک اور پی آئی بیز کو بھی لسٹ کروائیں گے۔وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ ہمارا ہدف ہے کہ شرح نمو کو چھ سے سات فیصد پر لے کر جائیں۔ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کے کسی پروگرام میں نویں ریویو تک پہنچے ہیں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تمغوں کے لیے نہیں پاکستان کی خدمت کے لیے کام کررہے ہیں۔

پاکستان دنیا کی 18واں بہترین معاشی ملک جلد بن جائیگا۔اسلامک بینکنگ میں سرمایہ کاری کے لئے تاجروں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کے پیچھے سرمایہ کاری ہے قرضے نہیں ۔ملک کی سیاسی جماعتوں سے گذارش کرتا ہوں سیاست کو معیشت سے الگ کر دیں ۔2013کے مقابلے میں معاشی انڈیکس اوپر گئے ہیں۔زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی تاریخی اضافہ ہوا۔

پاکستان کے معاشی خسارے کو 3سال میں مزید کم کردیں گے۔معاشی اہداف کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں۔انڈکس کے اجراسے اسٹاک پر مثبت اثرات ہوں گے۔پاکستان میں اسلامک بینکنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔حکومت اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ اسلامی انڈیکس کا آغاز ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔

آغاز میں ہی 225کمپنیز اس دائرے میں شامل ہو چکی ہیں جو اس کی کامیابی کی بہترین دلیل ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین کے ایس ای منیر کمال کا کہنا تھا کہ کراچی اسٹاک پہلی بار یہ بڑا قدم اٹھایا ہے ۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ نے ہر ممکن ساتھ دیا ہے جس پر ہم مشکور ہیں ۔ ہمارے ساتھ میزان بینک کا بھی اس کامیاب مرحلے کو طے کرنے میں بڑا ہاتھ ہے ۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سعید احمد نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ بنی ہے جس نے اس میں حصہ ڈالا ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اسحاق ڈار بھی اسلامی بینکاری کے پھیلاؤ کے لئے سنجیدہ نظر آتے ہیں ۔ میرے خیال سے اب اسلامی بینکاری کے حوالے سے پیدا کئے جانے والے شکوک شبہات بھی ختم ہو جا نے چاہیئے ۔ چیئر مین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن ظفر الحق اعجازی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار ابھی بھی ہم پر اعتماد نہیں کر رہا ہے کیونکہ ہمارے پاس آڈٹ کے ادارے کوئی خاص نتائج نہیں دے پا رہے ہیں ۔