حکومت نے نندی پورپاور پراجیکٹ رپورٹ تسلیم کرلی،پراجیکٹ پر84 نہیں58ارب لاگت آئی،خواجہ آصف،نندی پور منصوبے کی لاگت و پیداوار بارے غلط اعدادوشمار پیش کیے گئے ،منصوبے پر51ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں ،84ارب روپے لاگت کی نفی نیپرا بھی کرچکا ہے،نندی پورمنصوبہ مقررہ وقت پرمکمل نہ ہونے پراخراجات میں اضافہ ہوا،وزیر پانی و بجلی کی وزیراطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 19 نومبر 2015 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء)وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نندی پور منصوبے کی لاگت پیداواراوربندرہنے سے متعلق غلط اعدادوشمار پیش کیے گئے،نند ی پور پر 58ارب لاگت آئی جبکہ51ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں ،84ارب روپے لاگت کی نفی نیپرا بھی کرچکا ہے،نندی پورمنصوبہ مقررہ وقت پرمکمل نہ ہونے پراخراجات میں اضافہ ہوا، پروجیکٹ پر تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے،آڈٹ رپورٹ کو تہہ دل سے تسلیم کرتے ہیں ۔

بدھ کے روز وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں نندی پورمنصوبے کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں اوراعتراض کیاگیاپروجیکٹ کی لاگت22ارب سے84ارب تک چلی گئی،یہ بھی اعتراض کیا گیا کہ نندی پورپروجیکٹ 400میگاواٹ بجلی پیدانہیں کرسکتا،تحقیقاتی رپورٹ اور عدالت نے سیاستدانوں اور میڈیا کے الزامات کو مسترد کردیا ہے ، انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ 2008ء میں شروع ہوا اور 2011ء میں مکمل ہونا تھا ، منصوبہ بروقت نہ مکمل ہونے سے اس کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا ، چاہتے تو حکومت سنبھالتے ہی اس منصوبے کو ختم کردیتے مگر ملکی مفاد اور سپریم کورٹ کے حکم پر اس منصوبے کو جاری رکھا اگر یہ منصوبہ بند ہو جاتا تو قومی خزانے کے 40ارب سے ڈوب جاتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نندی پور پراجیکٹ پر24اکتوبر سے 425میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے ،نندی پور منصوبہ 5ارب 6کروڑروپے کی بجلی پیداکرچکا ہے، یہ منصوبہ رکا نہیں ، مسلسل چل رہا ہے اور ہماری حکومت نے ماضی کی حکومت کے پی ون کے تحت منصوبے پر کام جاری رکھا ،نندی پور منصوبہ گزشتہ حکومت میں تاخیرکاباعث بنا،پراجیکٹ کے حوالے سے بے ضابطگیاں سامنے آنے پر انتظامیہ کو فوری طورپر ہٹایا اور مارکیٹ سے نئے ماہرین کو لایا گیا ،نندی پور منصوبے میں جلد بازی میں کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی،آڈٹ رپورٹ کے مطابق منصوبے میں ایم ڈی کی پوسٹ غلط تھی،منصوبے کی آڈٹ رپورٹ کو ہم تہہ دل سے تسلیم کررہے ہیں ، یہ رپورٹ دو دن میں عوام کے سامنے لائی جائے گی ۔

نند ی پور پر 58ارب لاگت آئی جبکہ51ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ساڑھے سات ارب رقم ابھی استعمال نہیں ہوئی،84ارب روپے لاگت کی نفی نیپرا بھی کرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہوتی ہے سستے سے سستے پلانٹ سے بجلی لیں،نندی پورمنصوبے کوکم لاگت میں مکمل کیا گیا،رپورٹ میں لاگت اور دیگر اخراجات سے متعلق حقائق بتائے ہیں،یہ درست نہیں کہ فرنس آئل ٹریٹمنٹ پلانٹ کم صلاحیت کالگایاگیاجب بجلی کی پیداوار کم ہوتی تو فلٹر تیل بچا لیتے ہیں ۔