دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی، عسکری قیادت اور پوری قوم ایک صفحے پر ہے-شہباز شریف ، جوں جوں جمہوری نظام تقویت پکڑے گا احتساب کا عمل بھی مضبوط ہو گا -اچھی طرز حکمرانی کے لئے بھی احتساب ضروری ہے،نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ،وزیر اعلی پنجاب کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس کے شرکاء سے کلیدی خطاب

بدھ 18 نومبر 2015 09:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی ، انتہا پسندی ، توانائی بحران اور معیشت کی بحالی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے - دہشت گردی اور توانائی بحران نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے -ملک و قوم کی ترقی کے لئے دہشت گردی و انتہا پسندی کے عفریت کو ہر صورت شکست دینا ہے - دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں - پچاس ہزار پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں - دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک افواج ، پولیس اور سیکورٹی اداروں ، سیاستدانوں، تاجروں ، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے قربانی دی ہے -دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہر پاکستانی کا عزم ہے - پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرات و بہادری کی لا زوال داستان رقم کی ہے - دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی، عسکری قیادت اور پوری قوم ایک صفحے پر ہے -آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردوں نے قوم کے نونہالوں کا خون بہایا-پشاور میں قوم کے بچوں کے بہائے گئے لہوکے نتیجے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا-نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے - وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ایوان وزیر اعلی میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس کے شرکاء سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا-نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے وفد کی قیادت ایئرایڈمرل عدنان نذیر کر رہے تھے-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت برق رفتاری سے موثر اقدامات کئے گئے-لاؤڈ سپیکرکے ناجائز استعمال ، اشتعال انگیز تقاریر، منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کے قوانین میں ترامیم کر کے انہیں مزید موثر بنایا گیا اور پنجاب میں جدیدتربیت سے آراستہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے جس کے انویسٹی گیشن ، آپریشنل اور انٹیلی جنس کے تین شعبے ہیں - انہوں نے کہا کہ لاہور میں جنوبی ایشیا کی جدید ترین فرانزک لیب بھی قائم کی گئی ہے اور شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے جدید بائیو میٹرک مشینیں منگوائی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی طرح تعلیم ، صحت ، صنعت ، زراعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے توانائی بحران کا خاتمہ بھی بے حد ضروری ہے - وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی سالوں میں توانا ئی بحران کے خاتمے کے لئے انتھک محنت کی گئی ہے اور پاکستان کی قیادت کی انتھک محنت کی بدولت 46 ارب ڈالر کا تاریخی سرمایہ کاری پیکیج حاصل کیا گیا ہے - چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں پر کی جارہی ہے - سی پیک کے تحت پنجاب سمیت سندھ ، بلوچستان اور پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے - سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 6 ہزار میگا واٹ تک بجلی حاصل ہو گی-پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں - 2017ء کے آخر تک کئی ایک توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈمیں شامل ہو گی- گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبوں میں قوم کے 110 ارب روپے بچائے گئے ہیں - شفافیت ، عزم اور قومی خدمت کے جذے کی ایسی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی - وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی بھی ضروری ہے - پنجاب حکومت نے اس سمت بھی موثر اور درست اقدامات کئے ہیں - عام آدمی کے طرز زندگی کو بدلے بغیر ترقی بے معنی ہے - پنجاب حکومت عام آدمی کو تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے -پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کی جانب موڑ دیا ہے - صاف پانی پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ذہین و مستحق طلباء و طالبات پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں - غریب ترین گھرانوں کے ایک لاکھ سے زائد ذہین بچوں کو تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں - پنجاب حکومت تعلیمی فنڈ میں ہر سال چار ارب روپے فراہم کر رہی ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ‘۔

متعلقہ عنوان :