چینی سرمایہ کار پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے ،سن وی ڈونگ،سی پیک پاکستان نہیں بلکہ خطے کی ترقی کامعاہدہ ہے، تمام شعبوں میں تعاون کیا جائے گا،چینی سفیر کا میڈیا فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب

بدھ 18 نومبر 2015 09:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء) چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے سی پیک معاہدہ صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ خطے کی ترقی کامعاہدہ ہے۔ جس میں صرف سڑکیں نہیں بلکہ تمام شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاک چین میڈیا فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور سینیٹر مشاہد حسین سید بھی موجود تھے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس وقت دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اس وقت چائنہ کی ڈیڑھ ارب کے قریب آبادی میں ستر ملین افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور اگلے پانچ سالوں میں ان کی مددکرکے انہیں غربت کی لکیر سے باہر نکالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائنہ صرف سامان بنانے تک محدود نہیں ہے بلکہ ایجادات کو اہمیت دیتا ہے چین نوجوان نسل کو نئے تخیلات کی جانب راغب کرتا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں کے دوران چین میں اپنے پسماندہ علاقوں کی ترقی کو خصوصی ترجیح دے رہا ہے چائنہ کی ترقی کی بنیاد پندرہ صوبوں پر مبنی ہے جس میں ایجادات ‘ تعلقات ‘ماحول کی بہتری اور کھلی منڈیاں اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر تجارت کو فروغ دینا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کی معیشت میں چین کا حصہ تیس فیصد ہے چین پاکستان کومعاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے بھرپور طریقے سیکام کررہا ہے چینی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی انفراسٹرکچر سمیت اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی رائج کرنے کیلئے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کررہاہے اور پاکستان کی ضرورت کی بنیاد پر منصوبے مکمل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ صرف 46 ارب ڈالر کا منصوبہ نہیں بلکہ مزید بڑے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔