300انسانی سمگلرز کے پاسپورٹ منسوخ، شناختی کارڈ بلاک بنک اکاوْنٹ منجمد کرنیکا حکم،انٹرپول کے ذریعے مفرور انسانی سمگلرز کی گرفتاری عمل میں لائی جائے،ایف آئی اے امریکہ سے الطاف خانانی کے خلاف شواہد حاصل کرکے کاروائی کا آغاز کرے،چوہدری نثار،کسی پاکستانی کو دہشتگردی کے الزام میں ڈی پورٹ کرنا ہو تو حکومت پاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں، وزارتِ داخلہ کا تمام سفارتخانوں کو مراسلہ

بدھ 18 نومبر 2015 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء)وزیر داخلہ چوہدی نثار علی خان نے 300انسانی سمگلرز اور ان کے ایجینٹس کے پاسپورٹ منسوخ، شناختی کارڈ بلاک اور بنک اکاوْنٹ منجمد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیرداخلہ نے یہ ہدایات ڈی جی پاسپورٹ، چیرمین نادرا اور ایف آئی اے حکام کو وزارتِ داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرے ہوئے دیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرپول کے ذریعے مفرور انسانی سمگلرز کے ریڈ وارنٹ حاصل کر کے انکی گرفتاری عمل میں لائی جائے ،ایف آئی اے امریکی حکام سے الطاف خانانی کے خلاف شواہد حاصل کرکے کاروائی کا آغاز کرے،اگر کسی پاکستانی کو دہشت گردی کے الزام میں ڈی پورٹ کرنا مقصود ہے تو حکومت پاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ سے تمام سفارتخانوں کو مراسلہ جاری کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں انسانی سمگلرز کے خلاف ایف آئی اے کے مختلف اقدامات کے نتیجے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے مگر یہ ناکافی ہے ،ایف آئی اے اپنے روائتی طریقوں کو چھوڑ کر اب میرے طریقہ کارپر عمل کرے ۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، ایف آئی اے، چیرمین نادرا اور وزارت داخلہ حکام شریک تھے۔

اجلاس میں ڈی پورٹیز کے حوالے سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان معاہدہ، معاہدے میں موجود تضادات اور اس کے عملدرآمد میں بے قاعدگیوں ، ڈی پورٹیز کے حوالے سے ایس او پی اورانسانی سمگلرز کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیرِداخلہ نے ایف آئی اے کو ہیومن سمگلرز کے خلاف اندرون اور بیرون ملک فوری کریک ڈاوْن کرنے کا بھی حکم جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اب تک شناخت کیے گئے 300انسانی سمگلرز اور ان کے ایجینٹس کے پاسپورٹ فوری طور پر منسوخ، شناختی کارڈ بلاک اور بنک اکاوْنٹ منجمدکردیے جائیں۔

وزیرِداخلہ کی ڈی جی پاسپورٹ، چیرمین نادرا اور ایف آئی اے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انٹرپول کے ذریعے مفرور انسانی سمگلرز کے ریڈ وارنٹ حاصل کر کے انکی گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔ایف آئی اے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرے۔ایف آئی اے امریکی حکام سے الطاف خانانی کے خلاف شواہد حاصل کرکے کاروائی کا آغاز کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 2008میں قائم خانانی اور کالیا کیس میں خانانی و دیگر کی بریت کے معاملے کو متعلقہ عدالتوں میں اٹھایا جائے۔ اس کیس میں اب تک پیش رفت کیوں نہیں ہوئی اور کیوں اتنے عرصے سے یہ کیس زیرِ التوا ہے۔اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ اتنے عرصے سے زیرِالتوا اس کیس کی وجہ ایف آئی اے کے اندرونی عناصر یا کوئی سیاسی ہاتھ تو نہیں؟ ۔

وزیرِداخلہ کی ایف آئی اے کو روک تھام،متاثرین کی حفاظت،اشتہاری اور مفرور مجرموں کی گرفتاری اور مقامی غیرملکی اور بین الاقوامی شراکت داری توڑنے کی پانچ نکاتی حکمت عملی پر مکمل عملدرآمد کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پورٹیز کے حوالے سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان معاہدہ میں موجود تضادات اور اسکے عملدرآمد میں پائی جانے والی باقاعدگیاں معاہدے کی معطلی کا باعث بنیں۔

آئندہ کسی ڈی پورٹی کو وزارتِ داخلہ کی واضح اجازت کے بغیر عارضی سفری دستایزات کا اجراء نہ کیا جائے۔ آئندہ کسی بھی ڈی پورٹی کو وزارتِ داخلہ کی اجازت اور پاکستانی سفری دستاویزات کے بغیر پاکستان لانے والی ائیر لائن کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ کسی پاکستانی پر بغیر ثبوت دہشت گردی کا الزام لگا کر ڈی پورٹ کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔

وزیرِداخلہ کی وزارتِ خارجہ کے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سفارتخانوں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ لوکل کمیونٹی سے مل کر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکنہ مدد کریں ۔موجودہ مشکل دور میں ہمیں نہ صرف تارکین وطن کو حوصلہ دینا ہے بلکہ ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دینا ہے ۔ان کوششوں کا مقصد کسی مجرم کو بچانا نہیں بلکہ بے گناہوں کی مدد کرنا ہے ۔اگر کسی پاکستانی کو دہشت گردی کے الزام میں ڈی پورٹ کرنا مقصود ہے تو حکومت پاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :