اقتصادی راہداری کی جلد تکمیل چین کی خواہش ہے تاکہ پاکستان کی ترقی کا سفر تیز کیا جا سکے،چینی سفیر ،پاکستان راہداری منصوبہ میں بھرپور تعاون اور مکمل سیکورٹی فراہم کر رہا ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تقریب سے خطاب

اتوار 15 نومبر 2015 09:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2015ء)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن وائی دونگ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کی جلد از جلد تکمیل چین کی خواہش ہے تاکہ دوست ملک پاکستان کی ترقی کا سفر تیز کیا جا سکے۔ پاکستان راہداری کے منصوبہ میں بھرپور تعاون اور مکمل سیکورٹی فراہم کر رہا ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ راہداری منصوبہ پر کام کرنے والے چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں سے قریبی روابط قائم کرنا چاہتی ہیں جسکے لئے مقامی چیمبروں کی مدد درکار ہے۔

چین کے سفیر نے یہ بات اسلام آباد چیمبر فاؤنڈر گروپ کے چئیرمین اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عبدالرؤف عالم سے ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چین کے سفیر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کا ایف پی سی سی آئی کے زریعے مقامی کمپنیوں اور کاروباری برادری سے رابطہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

اس موقع پر عبدالرؤف عالم نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے کے بعد چین سے تعلقات اور اقتصادی راہداری کے جلد از جلد تکمیل میں پر قسم کا تعاون انکی اولین ترجیح ہو گی۔ 1951پاکتان اور چین دوست ہیں جبکہ تعلقات ہر آنے والے دن میں مزید بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔چین پاکستان اور سارے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا باب رقم کررہا ہے اور ایسے وقت میں جب بہت سے سرمایہ کار پاکستان آنے سے ہچکچا رہے ہیں چین پاکستان میں چھیالیس ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کررہا ہے جس پر انکے شکرگزار ہیں۔

اس موقع پر ملک سہیل نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندر کی گہری اور ہمالیہ کی بلند ہے۔ چین ہر آڑے وقت میں پاکستان کے کام آیا ہے اور پاکستان نے بھی چینی بھائیوں کے لیے خلوص کی کبھی کمی نہیں رکھی۔ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست اور سٹرٹیجک پارٹنرز ہیں اورچین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔

متعلقہ عنوان :