تحریک انصاف اور (ن)لیگ پیپلزپارٹی کیخلاف متحد ہیں ،بلاول بھٹو زرداری،بلدیاتی الیکشن میں ان کے پوسٹرز اور بینرز ایک ہی ہوتے ہیں، نواز شریف وعدے پورے نہیں کرتے ،وہ اندھیروں کے پجاری اور ہم روشنیوں کے امین ہیں ،بھارت میں انتہا پسندی کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے مگر مودی سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،پاکستان میں ہندوؤں سمیت تمام اقلیتوں کو بھرپور تحفظ اور حقوق حاصل ہیں ،خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 08:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور (ن)لیگ پیپلزپارٹی کیخلاف متحد ہیں ،بلدیاتی الیکشن میں ان کے پوسٹرز اور بینرز ایک ہی ہوتے ہیں، نواز شریف وعدے پورے نہیں کرتے ،وہ اندھیروں کے پجاری اور ہم روشنیوں کے امین ہیں ،بھارت میں انتہا پسندی کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے مگر مودی سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،پاکستان میں ہندوؤں سمیت تمام اقلیتوں کو بھرپور تحفظ اور حقوق حاصل ہیں ، پیپلزپارٹی مزدوروں، محنت کشوں اور اقلیتوں کی سب سے بڑی حمایتی جماعت ہے ،پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لئے پہلے بھی جنگ لڑی اور آج بھی لڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے دیوالی کا کیک بھی کاٹا ، ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی سندھ کے دیگر رہنما بھی تھے ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہاکہ تھر کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور پیپلزپارٹی تھر کے لوگوں کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں مزدوروں ، طلباء ، محنت کشوں اور اقلیتوں کے حقوق کی جنگ لڑی اور آج بھی لڑ رہی ہے ، ہم ہندوؤں کو دیوالی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں ، محنت کشوں اور غریبوں کی بات کی ہے اس وجہ سے پیپلزپارٹی کیخلاف ہر دور میں منفی پروپیگنڈے کیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف دیوالی منانے کے لئے یہاں آتے ہیں پہلے وہ بتائیں کہ انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے کیوں پورے نہیں کیے؟انہوں نے کہاکہ میں پوچھتا ہوں میاں صاحب آپ کے وعدے کہاں ہیں؟ وہ وعدے پورے نہیں کرتے وہ اندھیروں کے پجاری اور ہم روشنیوں کے امین ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ آمریت کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور ہمیں آمریت کے خلاف متحد ہونے کی آج بھی سزا دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں محفوظ نہیں ہیں اور وہاں جان بوجھ کر انتہا پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے مگر مودی سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، اقلیتوں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے مگر پاکستان میں اقلیتوں کو بھرپور تحفظ حاصل ہے اور یہاں اقلیتیں خود کو محفوظ تصور کرتی ہیں۔