چینی فوج کے وائس چئیرمین کی اعلی سول، عسکری حکام سے ملاقات، باہمی، علاقائی اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال، پاک چین قریبی تعلقات کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی،دونوں ملکوں کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے ،وزیراعظم نواز شریف کی گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چینی آرمی سے وائس چیئرمین جنرل پان چنگ لونگ نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی امور ‘خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وائس چیئرمین سے بات چیت کرتے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک چین تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں چین پاکستان کا آہنی بھائی ہے ۔

پاک چین دوستی باہمی تعاون پر مبنی ہے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ملاقات میں باہمی ‘علاقائی اور دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاقبل ازیں چینی وائس چیئرمین کی آمد پر انکا پر تپاک استقبال کی گیا۔انہیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔چینی وائس چیئرمین نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے بعدازاں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک نے جے ایف 17تھنڈر کی فروخت کا معاہدے پر بھی دستخط کئے ۔بعد ازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے چینی فوج کے وفد کی ملاقات،ملاقات میں پاک چین عسکری و دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آ ئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے چینی فوج کے وفد نے ملاقات کی ۔

وفد سے ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال ، انسداد دہشت گردی پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کی عسکری و دفاعی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاہے۔ادھر وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی،دونوں ملکوں کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے۔

جمعرات کووزیراعظم نواز شریف سے چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل فین چنگ لونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کے نکتہ نظر پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چین سے دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی،دونوں ملکوں کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی مضبوط باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہے۔