اگر راحیل شریف اورنواز شریف کے درمیان گڑ بڑ ہوئی تو ہم سویلین شریف کا ساتھ دینگے ،محمود خان اچکزئی، کور کمانڈرکانفرنس کے بعد فوج کی جانب سے جاری بیان آئین کے روح کے منافی ہے ، بیان کے بارے میں سپریم کورٹ سے تشریح کروائی جائے ،سربراہ خیبر پختونخوا عوامی ملی پارٹی

جمعرات 12 نومبر 2015 04:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر آرمی چیف راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان گڑ بڑ ہوئی تو ہم سویلین شریف کا ساتھ دینگے ، کور کمانڈرکانفرنس کے بعد فوج کی جانب سے جاری بیان آئین کے روح کے منافی ہے ، بیان کے بارے میں سپریم کورٹ سے تشریح کروائی جائے ، خیبر پختونخوا عوامی ملی پارٹی ایسی خارجہ پالیسی کی حمایت نہیں کرے گی جو پارلیمنٹ سے نہ بنائی گئی ہو ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف اس وقت ایک پیج پر ہونگے جب آئین کی بالادستی ہوگی لیکن اگر دونوں شریفوں کے درمیان گڑبڑ ہوئی تو ہم سویلین شریف کاساتھ دینگے انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر کانفرنس کے بعد فوج کے تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والا بیان آئین کے روح کے منافی ہے اس بیان پر سپریم کورٹ سے تشریح کروائی جائے انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو جان بوجھ کر اس پر بیان نہیں دینا چاہیے یا پھر ہم نے بے ایمانی سے حلف اٹھایا ہے انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگی ماحول ہے عراق اور لیبیا ختم ہوگیا ہے جبکہ ادھر بھی داعش کی باتیں ہورہی ہیں خیبر پختونخوا ملی عوامی پارٹی ایسی خارجہ پالیسی کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی جو پارلیمنٹ سے نہ بنائی گئی ہو ان حالات کے پیش نظر مشترکہ اجلاس بلا کر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے