وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کی سری لنکا کے وزیر اعظم سے ملاقات،دونوں ممالک کے مابین سیمنٹ، چینی، فارمااور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،پاک سری لنکا آزاد تجارتی معاہدے کو وسیع کیا جائے گا،وزیر تجارت

بدھ 11 نومبر 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2015ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کولمبو میں سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے سے ملاقات کی۔اس موقع پر سری لنکا کے وزیر صنعت و تجارت رشاد باتھی الدین اور سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر)سید شکیل حسین بھی موجود تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان سری لنکا آزاد تجارتی معاہدے کو وسیع کیا جائے گا اور اس میں مزید مصنوعات اور سروسز شامل کی جائیں گی تاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کوفروغ دیا جا سکے۔

دونوں ممالک کے مختلف علاقوں کے درمیان براہ راست لنک قائم کئے جائیں گے جس کی بدولت غیر روایتی اشیاء کی تجارت میں بھی اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلا آزاد تجارتی معاہدہ 2002میں سری لنکا سے کیاتھا جو دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکن سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے یورپی یونین کے طرف سے ملے جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے سری لنکن سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انھوں نے سری لنکن وزیر اعظم کو چینی بنانے کے پلانٹ فراہم کرنے اور شوگر سیکٹر کوڈویلپ کرنے کی پیشکش بھی کی۔دونوں ممالک کے مابین سیمنٹ، چینی، فارمااور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سری لنکا کے وزیر برائے پبلک ایڈمنسٹریشن رنجیتھ مڈوما بنڈارا، وزیر صنعت و تجارت رشاد باتھی الدین اور وزیر برائے مغربی ترقی چمپیکارناواکا سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر سری لنکا میں ہونے والے بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے جس میں دونوں ممالک کے نمایاں کاروباری حضرات شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :