نادرا نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اور غیر قانونی نوکریاں دیں ،نادرا اور پاسپورٹ دفاتر میں کر پٹ مافیاکاخاتمہ کر کے دم لیں گے،سرکاری دفاتر میں حرام خوری بندہونے سے کرپٹ مافیا پریشان ہے ،مارچ تک پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کا نظام مکمل آن لائن ہو جائے گا ، ویزہ ،فیملی رجسٹریشن کے حصول کو آن لائن کر نے کیلئے کام جاری ہے ، یو ٹیلٹی بلز اور پنشن کی ادائیگی بھی موبائل بینکنگ کے ذریعے کی جائیگی ،نیشنل بینک کی تمام شاخوں پر پاسپورٹ کی فیس جمع کروانے کی سہولت فر اہم کر دی ‘اسلام آباد میں پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری (کل)سے اور آئندہ 4ماہ میں ملک بھر میں شروع کر دی جائیگی، ووٹوں کی منتقلی نادرا کا کام نہیں الیکشن کمیشن کا ہے‘بعض لوگ ذاتی مفادات کی خاطر نادرا جیسے قومی ادارے کو بدنام کر رہے ہیں،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 09:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے نادرا نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے علاوہ غیر قانونی نوکریاں بھی دیں،نادرا اور پاسپورٹ دفاتر میں کر پٹ اور ٹاوٹ مافیہ کوختم کر کے دم لیں گے،سرکاری دفاتر میں حرام خوری بندہونے سے کرپٹ مافیا پریشان ہے ،مارچ تک پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کا نظام مکمل آن لائن ہو جائے گا۔

ویزہ ،فیملی رجسٹریشن کے حصول کو آن لائن کر نے کیلئے کام جاری ہے ، یو ٹیلٹی بلز اور پنشن کی ادائیگی بھی موبائل بینکنگ کے ذریعے کی جائیگی ،نیشنل بینک کی تمام شاخوں پر پاسپورٹ کی فیس جمع کروانے کی سہولت فروہم کر دی گئی ہے اور اگلے مر حلے میں پاسپورٹ کی فیس موبائل بینکنگ کے ذریعے جمع ہو سکے گی،اسلام آباد میں پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری (کل)سے شروع کر دی جائے گی جبکہ آئندہ 4ماہ میں یہ سروس ملک بھر میں شروع کر دی جائے گی،ووٹوں کی منتقلی نادرہ کا کام نہیں الیکشن کمیشن کا کہا ، کچھ لوگ اپنے زاتی مقاصد کیلئے نادرہ جیسے قومی ادارے کو بدنام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں نادرا ہیڈ کوارٹر زمیں پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیرداخلہ نے کہا کہ نادرا اور پاسپورٹ میں کر پٹ مافیا کو ختم کر دم لیں گئے،کر پٹ اور ٹاوٹ مافیہ کے خاتمے کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کی تاکہ لوگوں کو پاسپورٹ دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور لوگ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنی شکایات جمع کروا سکیں ۔

انہوں نے کہ پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کیلئے اسلام آباد کے لوگوں کو 200روپے آضافی فیس جمع کراونی ہو گی ، ٹی سی ایس اور نیشنل بینک کے ذریعے لوگوں کو پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس فراہم کی جائے گی ،اسلام آباد اور راولپنڈی میں یہ سروس (کل)بدھ سے شروع ہو جائے گی جبکہ آئندہ 4ماہ میں یہ سروس ملک بھر میں شروع کر دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے پاسپورٹ فیس ملک بھر میں قائم تمام نیشنل بینکوں کی شاخوں میں جمع کروائی جا سکے گی تا کہ لوگوں کو فیس جمع کروانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اگلے مرحلے میں پاسپورٹ کی فیس موبائل فون بینکنگ کے ذریعے جمع ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پاسپورٹ کی معیاد 5سال سے بڑھا کر 10سال کر دی ہے جبکہ اس کے ساتھ پاسپورٹ کی فیس بھی کم کردی ہے،پہلے جو پاسپورٹس مہینوں بعد ملتے تھے اب وہ ارجنٹ چار دن میں اور نارمل دس دنوں میں مل جاتے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں اکثر وزیراعظم نواز شریف کو کہتا ہوں کہ ہم عوام کو فوری بجلی اور ملازمتیں تو نہیں دے سکتے مگر کم از کم ان کی مشکلات کو تو کم کر ہی کر سکتے ہیں نا۔

انہوں نے کہا کہ شناختی کیلئے آن لائن درخواستوں کا نظام رائج کر دیا گیاہے، عوام کو فوری سہولیات دینے کیلئے نادرا اور پاسپورٹ کے مشترکہ میگا سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں،جن کا معیا ر بیرون ممالک کے ایگزیکٹو سنٹر سے بہتر ہو گا، ابتدائی مرحلے میں میگا سینٹرز لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن رجسٹریشن کیلئے موبائل وینز دور دراز کے علاقوں میں بھیجیں گے، نادرا کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، نادرا نے غیر ملکیو ں کو غیر قانونی شناختی کارڈز جاری کیے اور غیر ملکیوں کو بھرتی بھی کیا جس پر نادرا کے کرپٹ ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی گئی۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاسپورٹ اور نادرا نظام کو آن لائن کرنے کے بعد ویزا پالیسی کو آن لائن کرنے کیلئے کام جاری ہے، اس کے علاوہ یوٹیلیٹی بلز اور پینشنز بھی موبائل بینکنگ کے ذریعے دی جائیں گی۔ تحریک انصاف کے این اے 122میں ووٹوں میں منتقلی بارے تحریک انصاف کے الزام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے ذاتی مقاصد کی وجہ سے نادرا جیسے قومی ادارے کو بدنام کر رہے ہیں،ووٹوں کی منتقلی نادرا کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے،لوگ بناسوچے سمجھے الزامات نہ لگائیں، اﷲ تعالیٰ ان لوگوں کو سچ بولنے کی توفیق دے۔