سپیکرقومی اسمبلی کا انتخا ب آج ہو گا ، سردار ایاز صادق ، جی جی جمال اور پی ٹی آئی کے شفقت محمود نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ،سردارایاز صادق کو 292سے زائد اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل، جی جی جمال ایاز صادق کے حق میں دستبردار، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف ، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم کا حمایت کا اعلان

پیر 9 نومبر 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2015ء)سابق سپیکرقومی اسمبلی حلقہ این اے 122رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ، قومی اسمبلی کے بیسیویں سپیکر کے انتخابات کے لیے تین امیدوار میدان میں ووٹنگ (آج) پیر کو ہوگی، سردارایاز صادق کو 292سے زائد اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ۔تفصیلات کے مطابق سردار ایاز صادق نے اتوار کو سپیکر قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ،ایاز صادق کی طرف سے نامزدگی کے چھ کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔

ان کے تجویز کنندگان میں زاہدحامد ، طارق فضل چوہدری ، جنید انوار ، طاہرہ اورنگزیب ، عبدالحکیم بلوچ اور طلال چوہدری شامل ہیں۔ ایاز صادق کو مسلم لیگ (ن)،پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ (ق) ، اے این پی ، جے یو آئی(ف) سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے غیر مشروط طور پر 292اراکین کی واضح حمایت حاصل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ان کے قریبی رفقاء ڈاکٹرجی جی جمال کو سپیکر شپ کی دوڑ سے دستبردار کرانے کے لئے کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت کو سردار ایاز صادق کو دوبارہ سپیکر منتخب کرانے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے ۔342کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے پاس188 اراکین موجود ہیں ، حکومت کے نامزد امیدوار کو پیپلزپارٹی کے چار ، ایم کیو ایم کے 24، جمعیت علماء اسلام کے 23، مسلم لیگ فنکشنل کے 5 اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے ۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چار ، اے این پی کے دو مسلم لیگ ضیاء کے اعجاز الحق کا جھکاؤ بھی ایاز صادق کی طرف ہے ۔

جماعت اسلامی کے چار ، پیپلزپارٹی کے دو ، پاکستان مسلم لیگ کے بھی دو اراکین ایوان میں موجود ہیں ۔اس طرح ایاز صادق کو حکمران جماعت اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ متعدد اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب فاٹا ارکان کی طرف سے جی جی جمال ، پی ٹی آئی کی طرف سے شفقت محمود نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسپیکرمنتخب ہوا تو پہلے سے بہترکام کرنے کی کوشش کروں گا،اسپیکرکے انتخابات کیلئے مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوٴں سے بات ہوئی ہے، پیپلزپارٹی ، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا کہ اسپیکرکے انتخابات کیلئے مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوٴں سے بات ہوئی ہے،پیپلزپارٹی نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے،جماعت اسلامی ، ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں سے بھی بات ہوئی ہے،مزید ملاقاتیں ہونگی،مولانا فضل الرحمان نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور حمایت کرنیوالوں کا شکر گزار ہوں اس کے علاوہ پارٹی کی طرف سے دوبارہ سپیکر شپ کے لئے دوبارہ امیدوار نامزد کرنے پر پارٹی قیادت کا بھی شکر گزار ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ اسپیکرمنتخب ہوا تو پہلے سے بہترکام کرنے کی کوشش کروں گا۔ادھر متحدہ قومی موومنٹ نے بھی ایاز صادق کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔