پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا،واپس لینے کا مطالبہ ، غریب عوام پر ڈھایا گیا ظلم واپس نہ لیا گیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہوگی،حکومت کو دھمکی ، زرداری کی حکومت سے زیادہ نوا زشریف اور اسحاق ڈار نے عوام پر مہنگائی کے بم گرائے ہیں آئی ایم ایف ڈو مور کا پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے لیکن اب پاکستان نو مور کا آئی ایم ایف سے مطالبہ کرے ،اسدعمر ، حکومت کیخلاف پی ٹی آئی کا نیشنل پریس کلب کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی

اتوار 8 نومبر 2015 10:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات میں اڑھائی روپے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر غریب عوام پر ڈھایا گیا ظلم واپس نہ لیا گیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہوگی زرداری کی حکومت سے زیادہ نوا زشریف اور اسحاق ڈار نے عوام پر مہنگائی کے بم گرائے ہیں آئی ایم ایف ڈو مور کا پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے لیکن اب پاکستان نو مور کا آئی ایم ایف سے مطالبہ کرے ، حکومت کیخلاف پی ٹی آئی کا نیشنل پریس کلب کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز وفاقی دارالحکومت کے پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے حکومت کی پٹرولیم مصنوعات میں اڑھائی روپے اضافہ پر شدید احتجاج کیا اس موقع پر کارکنان نے حکومت کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچیس فیصد کمی آئی ہے لیکن حکومت نے چار فیصد پٹرولیم مصنوعات میں کمی کرکے باقی اکیس فیصد اپنی جیبوں میں ڈالا ہے اور اب آئی ایم ایف کے ساتھ بند کمرے اسحاق ڈار نے مذاکرات کرکے پٹرولیم مصنوعات میں اڑھائی روپے کا اضافہ منظور کرلیا بڑے بڑے ٹیکس چوروں سے ایف بی آر ٹیکس حاصل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے دو سو ارب روپے سوئس بینکوں میں پاکستانی عوام کے پڑے ہیں لیکن حکومت اڑھائی سال گزرنے کے باوجود اسے واپس لانے میں ناکام رہی چوہدری نثار علی خان جو کہ وزیراعظم سے بھی نہیں ڈرتے وہ ان کالی بھیڑوں کو پکڑیں اسد عمر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کیخلاف ایوان زریں میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرائی ہے لیکن اب محسوس ہورہا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں جس طرح سے وزارت خزانہ میں کرپشن ہورہی ہے لوڈ شیڈنگ کے حکومت نے کوئی نئے منصوبے نہیں لگائے سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں ڈیزل آج سے اٹھارہ روپے سستا تھا زرداری کی دور حکومت سے زیادہ مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کی عوام پر بجلی گرائی ہے اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس نہ لیا تو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ حکومت کیخلاف سڑکوں پر آئینگے