سندر فیکٹری کے ملبے سے مزید دس لاشیں نکال لی گئیں ‘ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی،ملبے تلے لوگوں کو زندہ یا مردہ نکالنے کی کوششیں تاحال جاری

اتوار 8 نومبر 2015 10:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8نومبر۔2015ء) سندر فیکٹری کے ملبے سے مزید دس لاشیں نکال لی گئیں ‘ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز سندر فیکٹری کے ملبے سے امدادی کارروائیوں کے دوران مزید دس لاشیں نکال لی گئی ہیں اور جاں بحق افراد کی تعداد اب پچاس ہوگئی ہے جبکہ 113 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔ فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کا کام اب بھی جاری ہے اور ملبے تلے پندرہ سے بیس افراد ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

جو ابھی تک لاپتہ ہیں اور ان کے لواحقین امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ ادھرصوبائی دارالحکومت میں بدھ کے روز سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں ہونے والے ہولناک حادثہ میں فیکٹری کے ملبے تلے لوگوں کو زندہ یا مردہ نکالنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی ملبے کے نیچے سے خانیوال کے رہائشی زاہد نامی 38سالہ شخص کی نعش برآمد ہوئی جس کو اس کے لواحقین اپنے گھر خانیوال لے گئے۔

گذشتہ روز ملبہ کے نیچے نکلنے والی لاش لودھراں کے رہائشی 20سالہ ساجد کی تھی۔ حادثہ ہونے کے بعد اپنے پیاروں کی شکل دیکھنے کے لیے ان کے لواحقین بدھ کے روز سے ہی جائے حادثہ پر موجود ہیں اور مسلسل آہ وزاری کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی زندہ حالت میں شکل دیکھنے کے متمنی ہیں۔ جن لوگوں کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے ان کے لواحقین کی حالت اس قدر ابتر ہے کہ ہر کوئی ان کے لیے دعاگو ہے کہ قدرت دنیا کو کرشمہ دکھا دے اور یہ اپنے پیاروں کو زندہ حالت میں دیکھ سکیں۔