خطے کودرپیش مشترکہ چیلنجوں کے حل کیلئے پاکستان کی مددجاری رکھیں گے:چین، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیاں بے مثال ہیں ،افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کا سہولیاتی کرداربے مثال ہے ؛افغانستان کے لئے چین کے خصوصی نمائندے دینگ ژی جن کی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی سے ملاقات

ہفتہ 7 نومبر 2015 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2015ء)افغانستان کے لئے چین کے خصوصی نمائندے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں اور افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کے سہولیاتی کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ افغانستان کے لئے چین کے خصوصی نمائندے دینگ ژی جن نے آج اسلام آباد میں خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ خطے میں استحکام کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے افغان قیادت اور افغانستان کی سرپرستی میں مفاہمتی عمل میں سہولت دینے کے لئے پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

دینگ ژی جن نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چین خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجوں کے حل کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔فریقین نے ہارٹ آف ایشیاء استنبول پراسس کے آئندہ وزارتی اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جو آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہو گا۔ فریقین نے اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔انہوں انہوں نے علاقے میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔