حکومت آئی ایم ایف مذاکرات کامیاب، دسمبر میں 50کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی،آڈٹ پالیسی ،ڈسکوزکے ٹارگٹ ،بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں مستحق افرادکی تعداد میں اضافہ،آئی ایم ایف کے بیشتر شرائط تسلیم، توانائی کے شعبے میں اصلاحات ،کمزوراداروں کی نجکاری کے حوالے سے مزیداقدامات کی ضرورت ہے،آئی ایم ایف کے چیف ہیرالڈفنگر

جمعہ 6 نومبر 2015 09:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2015ء)حکومت اورانٹرنیشنل مونیٹری فنڈ(آئی ایم ایف)کے درمیان نویں ریویو کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ،دسمبرمیں آئی ایم ایف بورڈمیٹنگ کے بعد50کروڑڈالرکی قسط جاری کی جائے گی ،آئی ایم ایف کی بیشترشرائط پوری کردی گئی جس میں آڈٹ پالیسی ،ڈسکوزکے ٹارگٹ ،بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں مستحق افرادکی تعدادکوبڑھاناوغیرہ شامل تھے،جبکہ آئی ایم ایف کے چیف ہیرالڈفنگرنے کہاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ،کمزوراداروں کی نجکاری کے حوالے سے مزیداقدامات کی ضرورت ہے ۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کوحکومت پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان دبئی میں ایک ہفتے سے جاری نویں قسط کے حوالے سے ریویوپرمذاکرات کامیاب ہوگئے ،اس موقع پروفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے آئی ایم ایف کے پاکستان کے چیف ہیرالڈفنگرکے ساتھ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ نویں ریویوکے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ،آئی ایم ایف کی بورڈمیٹنگ کااجلاس دسمبرمیں ہوگاجس میں پاکستان کیلیئے دسویں قسط50کروڑڈالرکی منظوری دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ کسی بھی پاکستانی حکومت نے پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کے ای ایف ایف نویں ریویوکوعبورکیاہے ۔آئی ایم ایف کے مطابق جی ڈی پی کی شرح رواں مالی سال میں4.5میٹرتک رہے گی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ملک میں مہنگائی کم ترین سطح پرہونے کی وجہ سے آئی ایم ایف نے مہنگائی کے حوالے سے اپنے اہداف میں کمی کی ہے اورمہنگائی کے حوالے سے شرح3.72فیصدرکھنے کی تجویزدی ہے ،وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے بیشتراہداف حاصل کرلئے ہیں ،جن میں نئی آڈٹ پالیسی کی منظوری ڈسکوزکے ٹارگٹ ،رسک اینالسٹ ڈائریکٹرکی تقرری بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں مستحق افرادکے ہدف کوحاصل کرلیاگیا،اس کے علاوہ ریونیوکے ٹارگٹ میں چالیس ارب کاشارٹ فال ہے ،اس کوپوراکرنے کیلئے اخراجات میں کمی کی ہے ۔

اس موقع پرہیراٹوفنگرنے کہاکہ مہنگائی1.6کی سطح پرہے ،جوکہ خوش آئندہے ۔انہوں نے کہاکہ مالی خسارہ کے ٹارگٹ کوحاصل نہیں کیاجاسکا،اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اورکمزوراداروں کی نجکاری کوتیزکرنے کی ضرورت ہے ،اس دوران وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے پاکستان اسٹیل مل کوخریدنے کیلئے سندھ حکومت کوخط لکھاہے اگرانہوں نے کوئی جواب نہ دیاتواپنے پروگرام پرعمل کریں گے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ وزیراعظم کے مشورے پرعمل کررہے ہیں اوراصلاحات کاعمل جاری رہے گا