کراچی : بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دو ایجنٹ گرفتار، پولیس کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو ٹارگٹ کلرز ہلاک،ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد واقعات میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا،گینگ وار کمانڈر وزیر 15 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا جبکہ موچکو میں ہلاک ملزم اجرتی قاتل تھا،ایس ایس پی فدا حسین، کراچی آپریشن کے اگلے مرحلے میں پولیس ،وکلاء ،گواہوں پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایکشن ہو گا، ترجمان رینجرز

منگل 3 نومبر 2015 09:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2015ء)کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دو ایجنٹ گرفتار اور پولیس کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو ٹارگٹ کلرز ہلاک ہو گئے ،ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد واقعات میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کے اگلے مرحلے میں پولیس ،وکلاء ،گواہوں پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایکشن ہو گا ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دو ٹارگٹ کلر ہلاک کر دیئے جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے تعلق رکھنے والے ملزم سمیت 2 افراد پکڑے گئے۔ رینجرز نے جناح ہسپتال سے مشتبہ زخمی شخص کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

لیاری بغدادی اور موچکو میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے اہم کمانڈر وزیر سمیت 2 ملزم ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی فداحسین نے میڈیا کو بتایا کہ گینگ وار کمانڈر وزیر 15 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا جبکہ موچکو میں ہلاک ملزم اجرتی قاتل تھا۔ اس نے پیسے لیکر 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا ، رینجرز نے جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں چھاپہ مار کر مشتبہ زخمی شخص کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب ترجمان رینجرز نے اپنے پالیسی بیان میں کہا کہ کراچی آپریشن کے اگلے مرحلے میں پولیس، گواہوں اور وکلا پرحملوں میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے گا۔

جبکہ پولیس،وکلا اور گواہوں پر حملوں میں ملوث ملزمان اور اجرتی قاتلوں کوبھی گرفتار کیا جائے گا۔ترجمان رینجرز نے کہا کہ کراچی کیعوام جرائم پیشہ عناصرکی اطلاع ہیلپ لائن 1101 پردیں تاہم شہری بذریعہ ایس ایم ایس، کال اورای میل اطلاع دے سکتے ہیں۔ادھر نیو ٹاوٴن پولیس کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا دوسری جانب نیو کراچی ٹاوٴن میں پولیس نے سیاسی جماعت کے عہدیدار کو حراست میں لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے بھارتی خفیہ ایجنسی” را “ سے رابطوں کا شبہ ہے۔ ادھر پیرآباد میں پولیس نے کارروائی کر کے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔