الیکشن کمیشن کے ارکان کی برطرفی کے حوالے سے دائر ریفرنس خارج ، ریفرنس قابل سماعت نہیں،الیکشن کمیشن اراکین کے دھاندلی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد نہیں دیئے گئے ،سپریم جوڈیشل کونسل

منگل 3 نومبر 2015 09:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2015ء)سپریم جوڈیشل کونسل نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی برطرفی کے حوالے سے دائر ریفرنس( در خواست) خارج کر دیا ۔ یہ ریفرنس تحریک انصاف لا ئر ونگ کے راہنما گوہر نواز سندھو نے دائر کیا تھا ۔سپریم جوڈیشل کونسل نے الیکشن کمیشن اراکین کے دھاندلی میں ملوث ہونے بارے شواہد نہ ہونے پر یہ ریفرنس خارج کیا ہے ۔

سپریم جوڈیشل کونسل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اراکین کے دھاندلی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد نہیں دیئے گئے اس لئے یہ ریفرنس نہیں بنتا اور ویسے بھی ریفرنس کے حوالے سے تمام تقاضے پورے نہیں کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق گوہر نواز سندھو کی جانب سے الیکشن کمیشن کے موجودہ ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس کو ابتدائی جانچ پڑتال میں ہی چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل چیف جسٹس پاکستان نے خارج کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ریفرنس میں اراکین کو الیکشن 2013 میں بے ضابطگیوں کا ذمہ دارا قرار دیا گیا تھا تاہم ثبوت اور شوائد نہ کافی ہونے کی وجہ سے یہ ریفرنس خارج کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما گوہر نواز سندھو نے سپریم جوڈیشل کونسل میں بذریعہ ڈاک ریفرنس ارسال کیا تھا جسے سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر درخواست گزار نے ذاتی طور پر جا کر یہ ریفرنس دائر کیا تھا ۔ سپریم جوڈیشل کونسل کا کہنا ہے کہ یہ ریفرنس قابل سماعت نہیں کیونکہ اس میں ممکنہ طور پر شواہد نہیں دیئے گئے ہیں۔ جس کی بنیاد پر ان ارکان کے برطرفی کا فیصلہ کیا جا سکے ۔ بعدازاں سپریم جوڈیشل کونسل نے ابتدائی جائزے میں ہی ریفرنس خارج کر دیا ۔