افغان حکومت کوطالبان سے جنگ یا مذاکرات بارے فیصلہ کرنا ہو گا ،سرتاج عزیز،پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے ،امن مذاکرات میں ”سہولت کار“ کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 2 نومبر 2015 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2015ء) مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغان حکومت کوطالبان سے جنگ یا مذاکرات بارے فیصلہ کرنا ہو گا ،پاکستان امن مذاکرات کے سلسلے میں ”سہولت کار“ کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اورپاکستان کا افغانستان کے مسئلے اور وہاں امن وامان کے قیام کے لیے شروع کردہ مفاہمتی عمل پر واضح موقف ہے، ہم امن مذاکرات کے سلسلے میں ”سہولت کار“ کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افغان طالبان افغانستان پر قبضہ تونہیں کرسکتے مگرایسا لگتاہے کہ وہ ایک طویل عرصے تک لڑنے کی پوزیشن میں ہیں اوراس کا افغانستان کے امن وسلامتی کو نقصان ہوگا۔اس لئے اب افغان حکومت کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ افغانستان میں قیام امن کیلئے مزید جنگ کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے یا پھر طالبان کے ساتھ مسائل کاحل مذاکرات سے نکالنا چاہتی ہے ۔