بلاول بھٹو زرداری کی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد،یہ کامیابی واضح پیغام ہے پیپلزپارٹی ہی ملک کی واحد ملک گیر قومی جماعت ہے،بیان ، خیرپور،فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں تصادم سے ہلاکتوں پر غم اور افسوس کا اظہار

پیر 2 نومبر 2015 09:46

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اور پنجاب کے 20اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ہونے والی پولنگ میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ کامیابی واضح پیغام ہے کہ پیپلزپارٹی ہی ملک کی واحد ملک گیر قومی جماعت ہے، اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے خیرپور اور پنجاب کے فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں آزاد امیدواروں اور ان کے مخالفین کے حامیوں کے درمیان تصادم میں 12سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت پر بھی انتہائی غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ انتہائی دکھدائک واقعات ہیں ، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج نے پیپلزپارٹی کے مخالفین کی تمام پیشن گوئیاں اور تمام خواب چکنا چور کر دیئے ہیں جو کہ ہر وقت یہ پروپئگنڈہ کرتے رہتے تھے کہ پیپلزپارٹی ختم ہو گئی ہے،یہ تاریخ کی گواہی ہے کہ جب بھی پیپلزپارٹی کے خلاف بے بنیاد پروپئگنڈہ اور بھیانک انتقامی کارروایاں کی جاتی ہیں تب بھی پیپلزپارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جب بھی ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات ہوئے ہیں تو نسل در نسل پاکستان کے عوام اور جیالوں نے اپنے ووٹوں کے ذریعے ایسی پروپئگنڈہ کوکچل دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدواروں کو خصوصی مبارکباد دی ہے جنہوں نے مخالفین کی جانب سے غیر جمہوری قوتوں کے بچھائے ہوئے جال کی توسط سے پیپلزپارٹی کے لیے ناموافق ماحول اور بھیانک صورتحال پیدا کرنے کے باوجود بھی کامیابی حاصل کی ہے،انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پنجاب میں دوسرے اور تیسرے مراحل کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مخالفین کے لیے سرپرائیز ثابت ہونگے،سندھ کے عوام نے بھی مخالفین کی پروپئگنڈہ کو مسترد کرتے پوئے 8اضلاع میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتٰ انتخابات ترقی کے نئے دور اور ملک میں جمہوریت اور جمہوری قوتوں کو مزیدمضبوط بناتے ہوئے نچلی سطح تک ترقی کی ایجنڈہ کے لیے ایک راہ ثابت ہونگے